داد اسپورٹس ، جمشید عمر انویٹیشن کرکٹ ٹورنامنٹ کے سیمی فائنل میں پہنچ گئی

150

کراچی (اسٹاف رپورٹر)داد اسپورٹس آل کراچی جمشید عمر انویٹیشن کرکٹ ٹورنامنٹ کے سیمی فائنل میں پہنچ گئی، اعصاب شکن مقابلے کے بعد ائیرپورٹ جمخانہ کو 4 رنز سے شکست کا سامنا کرنا پڑا ، ذاکر ملک اور جہانزیب سلطان نے سنچریاں اسکور کیں۔ پی سی بی کی اجازت سے اور پاکستان کرکٹ کلب کے زیراہتمام منعقدہ آل کراچی جمشید عمر انویٹیشن کرکٹ ٹورنامنٹ کے دوسرے کوارٹر فائنل میں داد اسپورٹس نے ائیرپورٹ جمخانہ کو دلچسپ اور سنسنی خیز مقابلے کے بعد4 رنز سے شکست دے کر سیمی فائنل کھیلنے کا اعزاز حاصل کرلیا۔ داد اسپورٹس نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے ذاکر ملک کی جارحانہ سنچری کی بدولت مقررہ 45 اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 314 رنز اسکور کئے، ذاکر ملک نے 13 چوکوں اور 6 چھکوں اور 13 چوکوں کی مدد سے 70 گیندوں پر شاندار سنچری 113 رنز اسکور کئے، نوید خان نے ناقابل شکست 46 ، مبشر نواز نے 41 ، حیدر عباس نے33 اور وہاج ریاض نے 24 رنز اسکور کئے، ائیرپورٹ جمخانہ کی جانب سے جہانزیب سلطان اور خیراللہ نے 3,3 کھلاڑیوں کو آئوٹ کیا۔ ہدف کے تعاقب میں ائیرپورٹ جمخانہ مقررہ 45 اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 310 رنز بناسکی، نوجوان بیٹسمین جہانزیب سلطان نے 8 چوکوں اور 7 چھکوں کی مدد سے 65 گیندوں پر شاندار سنچری اسکور کی جبکہ آغا صابر نے 44 ، شفیع اللہ نے 43 ، محمد ریحان نے 37 اور طحہ محمود نے 24 رنز اسکور کئے، داود اسپورٹس کی جانب سے نادر شاہ نے3 اور جنید نعیم نے 2 کھلاڑیوں کو آئوٹ کیا۔