نوابشاہ ،ضلعے کے اسپتالوں میں صحت کی ناقص صورتحال پر اجلاس

110

نوابشاہ (سٹی رپورٹر) ڈپٹی کمشنر شہید بینظیر آباد عامر حسین پنہور کی زیر صدارت ضلع کے اسپتالوں میں صحت کی سہولیات میں بہتری لانے کے سلسلے میں ایک اجلاس دربار ہال میں منعقد ہوا۔ اجلاس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ون سونیا کلیم، ریجنل ڈائریکٹر پی پی ایچ آئی مظہر علی ویسر،ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر ڈاکٹر دولت جمالی، ایڈیشنل ڈائریکٹر ہیلتھ سروسز ڈاکٹر سرور خاصخیلی، ایڈیشنل ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر ڈاکٹر ریاض شاہ اور ڈاکٹر یار علی جمالی سمیت ضلع کے تمام اسپتالوں کے میڈیکل سپرنٹنڈنٹ اور اسسٹنٹ کمشنرز نے شرکت کی۔ اس موقع پر اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر عامر حسین پنہور نے کہا کہ ضلع کے عوام کو صحت کی بہتر سہولیات فراہم کرنا اولین ترجیح ہے اس لیے عوام کو صحت کی بہتر سہولیات کی فراہمی میں کسی بھی قسم کی کوتاہی کو ہرگز برداشت نہیں کیا جائے گا۔ انہوں نے محکمہ صحت کے افسران کو ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ صحت کی سہولیات میں مزید بہتری لانے کے سلسلے میں وقتاً فوقتاً اپنے مابین اجلاس منعقد کر کے تجاویز اکٹھی کر کے ان پر عمل درآمد کو یقینی بنائیں۔ ڈپٹی کمشنر نے محکمہ صحت کے افسران کو کورونا ویکسینیشن کے حوالے سے بھی ہدایت کی کہ یونین کونسل سطح پر دیہی علاقوں میں جا کر لوگوں کو ویکسین کریں جبکہ ویکسین کیے گئے افراد کو بوسٹر ڈوز لگانے کے عمل کو بھی یقینی بنائیں۔ انہوں نے محکمہ صحت کے افسران کو ہدایت کی کہ ویکسینیشن کے حوالے سے ڈیٹا انٹری کے عمل کو بھی اپ ڈیٹ کیا جائے۔ ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ نیشنل ہائی وے کے باعث ٹراما سینٹر دولت پور کو جلد از جلد فعال بنانے کے لیے اقدامات کیے جائیں۔ اجلاس کو ڈائریکٹر پی پی ایچ آئی اور ڈی ایچ او شہید بینظیر آباد نے بریفنگ دی اور ڈیٹا انٹری کی کمی جیسے درپیش مسائل کے حل کیلیے نشاندھی بھی کی۔