انگلینڈ ٹیم نے ٹیسٹ کیلنڈر ایئر میں بری کارکردگی کا اپنا ہی 23 سالہ پرانا ریکارڈ برابرکردیا۔رواں برس انگلینڈ ٹیم کے سب سے زیادہ 54 کھلاڑی صفر پر آؤٹ ہوئے۔اس سے قبل 1998 میں بھی انگلینڈ ٹیم کے 54 کھلاڑی ٹیسٹ کرکٹ میں صفر پر آؤٹ ہوچکے ہیں۔ٹیسٹ کیلنڈر ایئر میں سب سے زیادہ کھلاڑیوں کے صفر پر آؤٹ ہونے میں دوسرے نمبر پر ویسٹ انڈین ٹیم ہے جس کے 2000 میں 44 کھلاڑی صفر پر آؤٹ ہوئے تھے۔تیسرے نمبر پر آسٹریلیا ہے جس کے 1999 میں 40 کھلاڑی صفر پر آؤٹ ہوئے تھے۔پی پی آئی کے مطابق رواں برس ٹیسٹ کرکٹ میں کپتان جو روٹ کے علاوہ انگلش ٹیم کا کوئی بھی بلے باز خاطر خواہ کارکردگی نہیں دکھاسکا ہے۔رواں برس جو روٹ انگلینڈ کی جانب سے ٹیسٹ کرکٹ میں سب سے زیادہ 1708 رنز بناکر تن تنہا ٹیم کو مشکلات سے نکالنے کی جدوجہد کرتے رہے ہیں تاہم کوئی بھی دیگر کھلاڑی ان کا ساتھ نہیں دے سکا۔پی پی آئی کے مطابق انگلینڈ کے دوسرے ٹاپ اسکوررروری برنز ہیں جنہوں نے 530 رنز بنائے جبکہ تیسرے نمبر ایکسٹراز کے رنز ہیں جن کی تعداد 412 ہے۔