بھارتی کرکٹ بورڈ کے صدر سارو گنگولی کورونا کا شکار

316

کولکتہ: بھارتی کرکٹ بورڈ کے صدر سارو گنگولی کورونا وائرس کا شکار ہوگئے ہیں۔

بھارتی میڈیا کے مطابق بی سی سی آئی کے صدر اور بھارتی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان سارو گنگولی کا کرونا ٹیسٹ مثبت آیا ہے۔

بھارتی میڈیا کے مطابق  49 سالہ گنگولی کا کورونا وائرس کا ٹیسٹ پیر کی رات کیا گیا تھا جس کا نتیجہ منگل کی صبح آیا تاہم ٹیسٹ کا نتیجہ آنے سے قبل ہی سابق بھارتی کپتان کو کولکتہ کے اسپتال منتقل کردیا گیا تھا اور وہ اسپتال میں ہی قرنطینہ ہیں۔ اسپتال ذرائع کا کہنا ہے کہ سارو گنگولی میں کورونا کی معمولی علامات پائی گئی ہیں۔

بھارتی میڈیا کے مطابق سارو گنگولی پیشہ ورانہ ذمہ داریوں کی وجہ سے مسلسل سفر کررہے ہیں اور انہوں نے ویکسی نیشن مکمل کررکھی ہے۔

خیال رہے کہ اس سے قبل جنوری 2021 میں سارو گنگولی کو دل کا دورہ پڑا تھا اور ان کی انجیو پلاسٹی کی گئی تھی۔