کارکنان تیاری کریں!عمران خان کا دھڑن تختہ ہونے والا ہے،شہباز شریف

216

لاہور ( نمائندہ جسارت) قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف اور ن لیگ کے صدر شہباز شریف نے کہا ہے کہ کارکنان تیاری کریں!، عمران خان کا دھڑن تختہ ہونے والا ہے۔ ان کے بقول حکمرانوں کے گریبان پر ہاتھ ڈالنے کا وقت آگیا، اگر فوری جان نہ چھڑائی تو خاکم بہ دہن پاکستان کا ہی خدا حافظ ہے۔ لاہور میں خطاب کرتے ہوئے شہباز شریف کا کہنا تھا کہ جب ہم نے حکومت سنبھالی تھی بیس بیس گھنٹے کی لوڈ شیڈنگ ہوتی تھی، نوازشریف نے قوم سے وعدہ کر رکھا تھا کہ اندھیرے ختم کرنے کی ہرممکن کوشش کروں گا، میری بات چھوڑیں میں تو ہوں ہی جلد باز ، میں ہمیشہ جلد بازی میں جلدی میں فقرے کس دیتاہوں، آج یار لوگ ہنسی مذاق میں بات کرتے ہیں کبھی طنز بھی کرتے ہیں ، میں نے ایسے لمحات میں کہہ دیا ہم 6ماہ میں بجلی کے اندھیرے دورنہ کرسکے تومیرانام بدل دینا، میں یقیناً بہکا ہوا نہیں تھا، میں ہوش و حواس میں تھا جادو ٹونے کا شکار نہیں تھا۔انہوں نے کہا کہ اس کے بعد کیا ہوا،جتنے منہ اتنی زبانیں ، نہ جانے لوگوں نے کیا کیا فقرے کسے، یہاں تک بات آئی کہ نام بدل لیں، سیاست اصل میں عوامی خدمات کا نام ہے، سیاست نام ہے لوگوں کے دکھ درد بانٹنے کا، سیاست لوگوں کو سہولتیں مہیاکرنے ،مہنگائی ختم کرنے کا نام ہے۔اپوزیشن لیڈر نے حکومت پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ اب ان کے گھبرانے کا وقت آنے والا ہے ،تختیوں سے بات نہیں چلے گی ۔