آصف زرداری کے خلاف مقدمات واپس لینے پر غور شروع

125

اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک) سینئر صحافی ہارون الرشید نے دعویٰ کیا ہے کہ سابق صدر آصف علی زرداری کے خلاف مقدمات واپس لینے پر غور کیا جا رہا ہے۔انہوں نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر ٹویٹ کرتے ہوئے کہا کہ ایک ذریعے کا دعویٰ یہ ہے کہ نیب کے دفتر میں غور وفکر شروع ہو چکا ہے کہ زرداری صاحب کے خلاف سنگین مقدمات واپس لینے کے لیے طریقہ
کار کیا ہو گا۔انہوں نے کہا کہ اندازہ ہے کہ مقدمات واپسی کا فیصلہ ہوگیا تو زرداری صاحب سے پہلے کچھ اور لوگوں کے ہوں گے۔ہارون الرشید نے کہا کہ سوال یہ تھا کہ فیصلہ سازوں کو زرداری صاحب کی ضرورت کیوں آن پڑی۔ دروغ بر گردن راوی’ طے ہو گیا کہ موصوف کے سب مقدمات نمٹا دیے جائیں گے۔انہوں نے مزید کہا کہ چند دن میں کھل جائے گا کہ اطلاع درست ہے یا غلط ۔اسی ذریعے کا کہنا ہے کہ ملاقاتیں مولوی صاحب (مولانا فضل الرحمن) اور سمندر پار تشریف فرما پاکباز (نوازشریف ) سے بھی ہوئی ہیں۔قبل ازیں ہارون الرشید نے دعویٰ کیا تھا کہ اس وقت پاکستان پیپلز پارٹی ڈیل کر رہی ہے۔ نجی ٹی وی چینل 92 نیوز کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے ہارون الرشید نے کہا کہ یہ سوال ہی پیدا نہیں ہوتا کہ اپوزیشن مارچ کے مہینے تک متحد رہ سکے۔مولانا فضل الرحمان مستعفی ہونے کی دھمکی تک دے چکے ہیں لیکن استعفوں کا بھی سوال ہی پیدا نہیں ہوتا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی الگ ڈیل کر رہی ہے۔ ہارون الرشید کا کہنا تھا کہ لاہور کے انتخاب میں تیس ہزار ووٹ مل گئے تو اب بلدیاتی انتخابات کے لیے آصف علی زرداری نے خیالی جنت بسا لی ہے جبکہ بلدیاتی انتخابات میں پاکستان پیپلز پارٹی کو کچھ نہیں ملے گا۔