اسلام آباد: اساتذہ نے ایک بار پھر احتجاج شروع کر دیا

298

اسلام آباد:آرڈیننس کے ذریعے اسلام آباد کے تعلیمی ادارے میونسپل کارپوریشن کے ماتحت کرنے کے معاملے پر وفاقی تعلیمی اداروں کے اساتذہ نے ایک بار پھر احتجاج شروع کر دیا۔

 کلاسز کا بائیکاٹ کرکے اساتذہ نیشنل پریس کلب کے باہر جمع ہوئے اور کہاکہ مذاکرات کے بعد وزارت تعلیم سمیت کسی کمیٹی نے پیش رفت سے آگاہ نہیں کیا، نہ رابطہ کیا گیا۔ جوائنٹ ایکشن کمیٹی کے مطابق تمام ایف جی اداروں میں تعلیمی سرگرمیاں معطل ہو گئیں، احتجاج کے بعد فیصلہ کریں گے کہ آگے کا لائحہ عمل کیا ہو گا۔

 جوائنٹ ایکشن کمیٹی نے کہاکہ حکومت ہمیں احتجاج پر مجبور نہ کرے۔چیئرمین جوائنٹ ایکشن کمیٹی فضل مولیٰ نے کہاکہ جب تک آرڈیننس کی شق 166 ختم نہیں ہوتی احتجاج جاری رہے گا۔

وائس چیئرمین جوائنٹ ایکشن کمیٹی ملک امیر خان نے کہاکہ حکومت مجبور نہ کرے کہ آئندہ احتجاج میں اڑھائی لاکھ بچے اور والدین شریک ہوں ۔ دوسری جانب اساتذہ کی بہت بڑی تعداد ڈی چوک بھی پہنچی تاہم پارلیمنٹ جانے والا راستہ بیریئر اور خاردار تاریں لگا کر بند کر دیا گیا اور پولیس کی بھاری نفری داخلی راستے پر موجود رہی