سکھر(نمائندہ جسارت) سکھرکی وکلا برادری کی جانب سے سندھ ہائی کورٹ اور دیگر ماتحت عدالتوں میں کارروائی کا بائیکاٹ، مقدمات کی سماعت نہ ہوسکی ،دور دراز علاقوں سے آئے سائلین کو پریشانی کا سامنا، سندھ بار کونسل کی جانب سے جوڈیشل عملے کی جانب سے وکلا کے ساتھ بداخلاقی کے واقعے کے خلاف دی گئی احتجاج کی کال پر سکھر کی وکلا برادری نے عدالتی کار روائی کا بائیکاٹ کر دیا جس کی وجہ سے سندھ ہائی کورٹ سکھر بینچ، ڈسٹرکٹ سیشن کورٹ،اے ٹی سی اور احتساب عدالت سمیت دیگر ماتحت عدالتوں میں مقدمات کی سماعت نہیں ہوسکی اور دور دراز علاقوں سے انصاف کے حصول کیلیے آئے ہوئے سائلین کو سخت پریشانی کا سامنا کرنا پڑا اور ان کو مجبوراً واپس جانا پڑا۔ اس موقع پر وکلا کا کہنا تھا کہ جوڈیشل افسران کا وکلا کے ساتھ رویہ نامناسب ہے گزشتہ روز جیکب آباد کے قومی اسمبلی کے حلقے این اے196پر الیکشن ٹریبونل کے حکم پر کی جانے والی ووٹوں کی دوبارہ گنتی کے دوران جوڈیشل افسران نے وکلا کے ساتھ بداخلاقی کی اور ان کو کمرے سے باہر نکال دیا تھا ہمارا چیف جسٹس آف پاکستان اور چیف جسٹس سندھ ہائی کورٹ سے مطالبہ ہے کہ وہ جوڈیشل افسران کے وکلا کے ساتھ نامناسب رویے کا نوٹس لیں۔