سکھر کے داخلی اور خارجہ راستوں ویکسین کارڈ چیک کرنے کا فیصلہ

395

سکھر( نمائندہ جسارت) ضلع میں کورونا ویکسی نیشن کے سلسلے میں جائزہ اجلاس ڈی سی آفس سکھر کے کانفرنس ہال میں ڈپٹی کمشنر سکھر جاوید احمد کی زیر صدارت منعقد ہوا۔ اجلاس میں شہر کے داخلی اور خارجی راستوں سے آنے والوں کے لیے کورونا ویکسین کارڈ چیک کرنے کے لیے رینجرز کی مدد حاصل کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔ڈی سی سکھر نے افسران کو موثر حکمت عملی پر عمل درآمد کے لیے 2 دن کا الٹی میٹم دے دیا۔ اجلاس میں این سی او سی کی ہدایات کی روشنی میں ہدف 100 فیصد حاصل کرنے کے لیے منصوبہ بندی کو موثر بنانے کی ضرورت پر زور دیا گیا۔ ڈی سی سکھر نے رینجرز افسران کو ہدایت کی کہ وہ اے سی سٹی سے مشاورت کرکے داخلی اور خارجی راستوں پر شہر میں داخل ہونے والوں کا ویکسین کارڈ چیک کرنے کی منصوبہ بندی کریں تاکہ موقع پر ہی موجود ویکسین ٹیم کے ذریعے ویکسی نیشن کی جائے جہاں پولیس افسران اور اہلکار بھی موجود ہوں گے۔ ڈی سی سکھر نے اسسٹنٹ کمشنرز کوپابند کیا کہ متعلقہ تعلقوں میں اسپتالوں، صحت مراکز میں ویکسین کے عمل میں کو مزید تیز کرتے ہوئے روزانہ کی بنیاد پر رپورٹ فراہم کریں گے۔ اس سلسلے میں ڈی سی آفس سکھر کے مین گیٹ پر پولیس اہلکار تعینات کیے گئے ہیں جہاں آنے والے کا کورونا ویکسین کارڈ چیک کرنے کے بعد اندر جانے کی اجازت دینے کا عملی مظاہرہ شروع ہوچکا ہے۔ اجلاس میں اے ڈی سی ون محمد عدنان راشد، ڈی ایچ او ڈاکٹر جمیل احمد مہر سمیت صحت، پولیس، ریلوے، این جی اوز، تعلیم، یونیسیف، ڈبلیو ایچ او، روینیو اور دیگر محکموں کے افسران نے شرکت کی۔ ڈی سی سکھر نے ریلوے پولیس افسران کو ہدایت دیں کہ ریلوے اسٹیشنوں پر بکنگ اور سفر کرنے والے مسافروں کے کورونا ویکسین کارڈ چیک کرنے کے عمل کو یقینی بنایا جائے۔ ڈی سی سکھر نے نادرا افسران کو ہدایت کی کہ تمام آنے والوں کے ویکسین کارڈ ضرور چیک کریں۔ انہوں نے مختیارکاروں کو پابند کیا کہ سیل ڈیڈ جاری کرنے کے عمل کو کورونا ویکسین سے مشروط کیا جائے۔ ڈی سی سکھر نے ایل ایچ ڈبلیو، سرسو، تعلیم، صحت، پولیس، پی پی ایچ آئی سمیت دیگر محکموں کے افسران کو ہدایت کی کہ مہم کو تیز کرنے کے ساتھ تمام دفاتر کے افسران اور ملازمین کے خاندانوں کی ویکسین کو بھی مکمل کرتے ہوئے تمام کوائف تحریری طور پر ڈی سی آفس سکھر میں جمع کرانے ہوں گے جس کے لیے 2 دن کا ٹائم ہے جو بھی افسر اور ملازم کوتاہی کا مرتکب ہوا اس کے خلاف سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ اجلاس میں اے ڈی سی ون، ڈی ایچ او سمیت دیگر محکموں کے افسران نے کورونا ویکسین کی کارکردگی کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی۔