پیپلز پارٹی سندھ میں سرداری  اور زرداری  نظام  مسلط کر رہی ہے، حلیم عادل شیخ

258

کراچی: تحریک انصاف کے رہنما حلیم عادل شیخ نے کہا ہے کہ کراچی کے عوام کے حقوق کے لیے آخری حد تک جائیں گے، پیپلز پارٹی سندھ میں سرداری اور زرداری نظام مسلط کر رہی ہے،جو نظام نافذ کیا جا رہا ہے، وہ کراچی نہیں بلکہ پورے سندھ کے عوام سے دشمنی ہے۔

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے حلیم عادل شیخ نے کہا کہ ہم اس جدوجہد کو آخری مرحلے تک لے کر جائیں گے، کوئی یہ نہ سمجھے کہ ہم ڈرجائیں گے،ہم عوام کے حقوق اور اصول کے لیے آخری حد تک جائیں گے۔

انہوں نے مزید کہا کہ جن آرٹیکل کی خلاف ورزی کی گئی ہے ان کے خلاف ہم قانون کے دائرے میں رہتے ہوئے جدوجہد کریں گے، سندھ حکومت کو کالا قانون کا مسودہ واپس لینا ہوگا، اس حوالے سے ہم نے طے کیا ہے کہ ان کو چھوڑا نہیں جائے گا اور ہم اس کو اس حد تک لیکر جائیں گے کہ ان کو یہ عوام دشمن قانون واپس لینا پڑے گا۔

انہوں نے مزید کہا کہ سندھ میں اصل مسئلہ 2013 کاایکٹ ہے اور اس کے بعد جو ترامیم ہیں، میں سمجھتا ہوں کہ کنویں سے کتا نکالنا پڑھے گا کتا جو ہےوہ 2013 کا ایکٹ ہے کتے کی دم کتے کا کان نکالنے سے کچھ نہیں ہوگا۔

انہوں نےمزیدکہا کہ سندھ حکومت کے بلدیاتی بل کے خلاف اپوزیشن کی جماعتیں متحد ہیں۔