چمپئنز ہاکی ٹرافی ، پاکستان کو جنوبی کوریا کے ہاتھوں سیمی فائنل میں شکست

261

ڈھاکا (نمائندہ خصوصی) کوریا اور جاپان نے تاریخ میں پہلی مرتبہ ایشین چیمپینز ٹرافی کا فائنل کھیلنے کا اعزاز حاصل کرلیا، مشترکہ دفاعی چیمپین پاکستان اور بھارت کو سیمی فائینلز میں شکست،روائتی حریف پاکستان اور بھارت تیسری پوزیشن کے لئے ایکدوسرے کے مدمقابل ہونگے۔ بنگلا دیش کے شہر ڈھاکا میں ایشین چیمپینز ٹرافی کے چھٹے ایڈیشن میں دونوں سیمی فائینلز کا فیصلہ ہوگیا۔ پہلے سیمی فائنل میں کوریا نے پاکستان کو ایک سنسنی خیز اور اعصاب شکن مقابلہ میں 5-6 گول سے شکست دیکر ایونٹ کا فائنل کھیلنے کا اعزاز حاصل کرلیا۔ پاکستان ہاکی ٹیم نے کوریا کو مقابلے کی ٹکر دی اور میچ میں بہترین کھیل کا مظاہرہ کیا۔ عالمی رینکنگ میں بہتر پوزیشن رکھنے والی کورین ٹیم کو پاکستان کے خلاف2 پینلٹی اسٹروکس ملے جس پر انہوں نے کامیابی سے گول اسکور کئے جبکہ پینلٹی کارنرز پر3 گول اور ایک فیلڈ گول اسکور کیا۔ پاکستان نے سیمی فائینل میں کوریا کو مقابلے کی ٹکر دیتے ہوئے3 فیلڈ گول اور2 پینلٹی کارنرز پر گول اسکور کئے۔ تیز کھیل کے آغاز کے ساتھ ہی تیسرے منٹ میں پاکستان نے کپتان عمر بھٹہ کی مدد سے فیلڈ گول ا سکور کیا۔ کوریا نے جوابی طور پر کھیل کے 11ویں منٹ میں پینلٹی اسٹروک حاصل کیا جو کہ انکے کھلاڑی چینگ نے اس پر گول اسکور کرکے ا سکور ایک، ایک کردیا۔ کھیل کے ویں12 منٹ میں کوریا کو دوبارہ پینلٹی اسٹروک ملا جوکہ چینگ نے گول ا سکور کرکے مقابلہ2-1 کردیا۔کھیل کے 22ویں منٹ میں پاکستان کے جنید منظور نے گول ا سکور کرکے مقابلہ 2-2 برابر کردیا۔کوریا نے کھیل کے 25ویں منٹ میں چینگ کی مدد سے پینلٹی کارنر پر گول کرکے برتری حاصل کرلی جبکہ کھیل کے 30ویں منٹ میں پاکستان کی جانب سے فراز نے گول ا سکور کرکے اس برتری کا خاتمہ کردیا اور ا سکور 3-3 گول ہوگیا۔کھیل کے 30ویں منٹ میں ہی کوریا کے کھلاڑی نے گول اسکور کرکے اپنی ٹیم کو برتری دلادی۔کھیل کے 44ویں منٹ میں کوریا نے دوبارہ گول ا سکور کرکے اپنی برتری کو مستحکم بنادیا۔پاکستان کی جانب سے ڈریگ فلکر مبشر علی کھیل کے47ویں اور 51ویں منٹ میں گول اسکور کرکے ایکبار پھر مقابلہ 5-5 گول سے برابر کردیا۔ کوریا کی جانب سے میچ کا فیصلہ کن گول کھیل کے 57ویں منٹ میں کیا گیا۔ ایونٹ کے دوسرے سیمی فائنل میں جاپان نے بھارت کو ایک سخت مقابلہ میں 3-5 گول سے شکست دیکر فائینل کھیلنے کا اعزاز حاصل کیا۔ایشین چیمینز ٹرافی کافائنل آج جاپان اور کوریا کے درمیان کھیلا جائیگا جبکہ پاکستان اور بھارت کے درمیان تیسری پوزیشن کا میچ آج ڈھائی بجے بمطابق پاکستان ٹائم کھیلا جائیگا۔