لاڑکانہ(نمائندہ جسارت) تھانہ بقاپور کی حدود میں 7 روز قبل ہونے والے پولیس مقابلے کا معما حل نہ ہو سکا، پولیس مقابلے میں شہید اے ایس آئی اور اہلکار سمیت ملزم راجا مہر کے لواحقین حصول انصاف کے لیے سراپا احتجاج بن گئے، شہید اہلکاروں کے ورثا کا ملزمان کی گرفتاری کے لیے ایس پی چوک جبکہ پولیس کے ہاتھوں مارے گئے، راجا مہر کے لواحقین کا سیشن کورٹ روڈ پر دھرنا جہاں شہید اہلکاروں کے ورثا نے ملزمان کے خلاف ٹھوس پولیس کارروائی کا مطالبہ کیا، دوسری جانب مقابلے میں مارے گئے راجا مہر کے لواحقین نے بھی احتجاج کیا جس پر پولیس نے مظاہرین پر لاٹھی چارج کر کے منتشر کرتے ہوئے ٹریکٹر تحویل میں لے لیا، اس موقع پر ورثا نے پولیس پر سنگین الزامات لگاتے ہوئے کہا کہ راجا مہر پر برادری کے جھگڑے کے مقدمات تھے جو عدالتوں کے ذریعے ختم ہو چکے لیکن اس کے باوجود پولیس نے کارروائی کرکے اسے قتل کر دیا ہے، انہوں نے مقابلے میں ملوث پولیس افسران و اہلکاروں کے خلاف کارروائی کا مطالبہ بھی کیا، دوسری جانب مبینہ پولیس مقابلے اور پولیس اہلکاروں کی شہادت پر ڈی آئی جی مظہر نواز شیخ کی بنائی گئی تحقیقاتی کمیٹی کی انکوائری جاری ہے جبکہ ڈی آئی جی کی جانب سے مقابلے کے دوران 3 تھانوں کے ایس ایچ اوز کو غفلت برتنے پر پہلے ہی معطل کیا جا چکا ہے، پولیس ذرائع کے مطابق ڈی آئی جی کی جانب سے معطل 2 تھانوں کے ایس ایچ اوز تاحال تھانوں پر کام کر رہے ہیں۔