یوم جناح ہاکی ، ڈسٹرکٹ ایسٹ ملیر کو ہرا کر سیمی فائنل میں

288

کراچی (سید وزیر علی قادری )ڈسٹرکٹ نے ڈسٹرکٹ ملیر کو شکست دیکر پول بی سے یوم جناح آل کراچی ٹاپ سٹی ون انٹر ڈسٹرکٹ ہاکی ٹورنامنٹ کے فائنل4 میں رسائی حاصل کرنے والی پہلی ٹیم بن گئی۔ سیمی فائنل کے لئے پول بی سے ڈسٹرکٹ کورنگی کی قسمت کا فیصلہ آج ہوگا،پول اے میں سائوتھ، سینٹرل اور ڈسٹرکٹ کیماڑی کے درمیان سخت کشمکش جاری۔ ٹورنامنٹ کے7ویں روز ڈسٹرکٹ ایسٹ، ڈسٹرکٹ کیماڑی اور ڈسٹرکٹ کورنگی نے اپنے میچ جیت لئے،حکومت سندھ محکمہ خزانہ کے اسٹاف افیسر عرفان احمد نے بہترین کھلاڑیوں میں ٹاپ سٹی ون مین اف دی میچ ایوارڈ تقسیم کئے، ان کا کہنا تھا کہ کے ایچ اے اور ٹاپ سٹی ون نے کراچی میں ہاکی کا میلہ لگا کر شہریوں کے دل جیت لئے۔ کراچی ہاکی ایسوسی ایشن کے زیر انتظام کے ایچ اے اسپورٹس کمپلیکس گلشن اقبال میں بھٹائی رینجرز سندھ 72 ونگ کے اشتراک اور ٹاپ سٹی ون کے تعاون سے جاری یوم جناح آل کراچی ٹاپ سٹی ون انٹر ڈسٹرکٹ ہاکی ٹورنامنٹ کے7ویں روز پول بی کے اہم میچ میں ڈسٹرکٹ ایسٹ نے سخت مقابلے کے بعد نعمان خانزادہ کی ہیٹ ٹرک کی مدد سے ڈسٹرکٹ ملیر کو 2-4 شکست دے کر پوائنٹس ٹیبل پر ٹورنامنٹ کے سیمی فائنل میں پہنچنے والی پہلی ٹیم بن گئی، فاتح ٹیم کے 3 میچ کھیل کر 9 پوائنٹس ہیں تاہم ابھی اس کا ایک میچ باقی ہے۔ نعمان خانزادہ نے7ویں، 23ویں اور 25 ویں منٹ میں گول کرکے ہیٹ ٹرک کا اعزاز حاصل کیا، فاتح ٹیم کا چوتھا گول 56 ویں منٹ میں نوشاد علی نے کیا، ڈسٹرکٹ ملیر کے عدنان لاڈو اور ارباز ایاز نے 33 ویں اور 43 ویں منٹ میں گول کرکے خسارہ کم کرنے کی کوشش کی۔