پیپلزپارٹی نے پشاور میں کھلی دھاندلی کے خلاف الیکشن کمیشن سے نوٹس لینے کا مطالبہ کر دیا۔ نائب صدر پیپلز پارٹی و سینیٹر شیری رحمان نے خیبر پختونخواہ بلدیاتی انتخابات پر اپنے بیان میں کہا کہ پشاور کے 120 پولنگ اسٹیشنز کے نتائج تاخیر سے جمع ہوئے، 50 پرزائیڈنگ آفیسرز نے نتائج رات 4 بجے کے بعد جمع کرائے، ای سی پی تفتیش کرے پرزائیڈنگ آفیسرز نے تاخیر کیوں کی، پشاور میں 30 پرزائینڈنگ آفیسرز ابھی تک غائب ہیں، الیکشن کمیشن معلوم کرے 30 پرزائیڈنگ آفیسرز کہاں ہیں؟۔ شیری رحمان کا کہنا تھا کہ پشاور میں ڈسکہ 2 کی نمائش ہو رہی ہے، صوبائی حکومت کا طریقہ واردات ڈسکہ والا ہی ہے، الیکشن کمیشن کو چاہئے اس کا جلد از جلد نوٹس لے، پشاور شہری علاقہ ہے، نتائج میں تاخیر اور پرزائیڈنگ آفیسرز کا غائب ہونا قابل تشویش ہے۔