سکھر( نمائندہ جسارت)جے یو آئی سٹی سکھر کے زیر اہتمام علما کنونشن کی تیاریاں عروج پر ، کنوینگ باڈی کے اراکین کا مختلف یونٹوں کا دورہ ، علمائے کرام سے ملاقاتیں۔تفصیلات کے مطابق جمعیت علمائے اسلام سٹی سکھر کی کنوینگ باڈی کے اراکین رشید احمد شیخ ، قاری لیاقت علی مغل ، مولانا امان اللہ سکھروی ، مولانا جمیل احمد لغاری ، حافظ برہان الدین سومرو ، قاری رفیق احمد بندھانی ، کامران الدین سومرو ،ملک مبین ناصر، قاری عبدالوحید مہراورقاری مزمل میکھو و دیگر نے جے یو آئی سٹی سکھر کے زیر اہتمام 28دسمبر کو سکھر میں منعقدہ علماکنونشن کی تیاریوں کے حوالے سے مختلف یونٹوں یوسی 14اولیا مسجد پرانا سکھر ، یوسی 9 نیو گوٹھ و دیگر یونٹوں کا دورہ کیا اور علمائے کرام سمیت کارکنان سے ملاقاتیں کیں اور انہیں علما کنونشن کو کامیاب بنانے سمیت بھرپور شرکت کی اپیل کی گئی۔ دورے کے دوران جے یو آئی سٹی سکھر کنوینگ باڈی کے اراکین کا کہنا تھا کہ علما کنونشن سکھر کی تاریخ میں ایک یادگار کنونشن ثابت ہوگا جس میں جے یو آئی کے مرکزی ، صوبائی ، ضلعی عہدے داروں سمیت کارکنان شرکت کریں گے، کنوینگ باڈی کے اراکین کا مزید کہنا تھا کہ بڑھتی ہوئی مہنگائی نے عوام سے جینے کی امنگ تک چھین لی ہے حالیہ پیٹرولیم مصنوعات سمیت ادویات کی قیمتوں میں اضافہ عوام کے زخموں پر نمک چھڑکا گیا ہے ، سکھر شہر میں صفائی کے ناقص انتظامات کے باعث شہر گندگی کے ڈھیر میں تبدیل ہو گیا ہے ، ترقیاتی کاموں کی آڑ لے کر تعمیر شدہ سڑکیں کھود کر سرکاری خزانے کو نقصان پہنچایا جا رہا ہے ، جمعیت علمائے اسلام نے ہمیشہ اسلام کے نفاذ اور عوام کے حقوق کیلیے جدوجہد کی ہے ان شاء اللہ قائد جمعیت مولانا فضل الرحمن کی قیادت میں بہت جلد نااہل سیلکٹیڈ حکومت سے نجات حاصل کریں گے۔