سندھ میں غربت راج کے ذمہ دار زرداری ہیں،مفتاح اسماعیل

140

حیدرآباد (اسٹاف رپورٹر) مسلم لیگ(ن) سندھ کے جنرل سیکرٹری اور سابق وفاقی وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل نے کہاکہ ملک میں مہنگائی اور معیشت تباہی کی ذمے دار عمران حکومت ہے 18ویں ترمیم کو مزید فعال کرنے کی ضرورت ہے عمران خان میں ہمت ہے تو نواز دور میں سی پیک منصوبے میں ایک روپے کی کرپشن ثابت کرکے دکھائیں ،ہر پاکستانی جانتا ہے سندھ میں ترمیمی بلدیاتی بل غلط لایا گیا ہے، ایم کیو ایم اور پیپلزپارٹی ایک ہی سکے کے دور رخ ہیں ۔ ان خیالات کااظہار انہوںنے پاکستان مسلم لیگ ن کلچرل ونگ سندھ کی جانب سے حیدرآباد پریس کلب میں قدرتی وسائل‘ غربت اور حل کے عنوان سے منعقدہ سیمینار سے خطاب اور صحافیوں سے بات چیت کے دوران کیا،اس موقع پر رکن قومی اسمبلی کھیل داس کوہستانی، انور سومرو ایڈووکیٹ، حنیف صدیقی اور دیگر بھی موجو دتھے۔ مفتاح اسماعیل نے کہاکہ سندھ کو اگر وسائل مل جائیں تو غربت ختم ہوسکتی ہے۔ پیپلزپارٹی کی سندھ حکومت کی 13سالہ ناقص کارکردگی کے ذمے دار آصف زرداری ہیں، انہیں جواب دینا چاہیے، ان کے دور حکومت میں سندھ میں کارخانے لگے نہ ہی کاروبار کے مواقع فراہم کیے گئے، بیروزگاری آسمان کو پہنچ گئی، سندھ حکومت تمام وسائل اپنے پاس رکھنا چاہتی ہے،اب الیکشن آرہے ہیں تو ایم کیوایم بلدیات کی بات کررہی ہے، پیپلزپارٹی اور ایم کیوایم ایک ہی سکے کے دو رُخ ہیں۔ انہوں نے کہاکہ پی ٹی آئی کی حکومت بھی ناکام ہوگئی ہے انہوں نے کوئی کام نہیں کیا، ان کے دور حکومت میں بجلی، گیس، تیل، کھاد اور دیگر اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں سیکڑوں فیصد اضافہ ہوگیا۔ انہوں نے کہاکہ ن لیگ اقتدا رمیں آکر سندھ سے غربت ختم کرے گی۔انہوں نے کہاکہ سابق مشیر خزانہ شبر زیدی کی بات غلط ہے کہ پاکستان دیوالیہ ہوگیا ہے لیکن یہ بات سچ ہے کہ عمران خان کی حکومت ملک کو دیوالیہ ہونے کی طرف لے جارہی ہے۔