لاہور (نمائندہ جسارت) پنجاب حکومت کے ترجمان حسان خاور نے کہا ہے کہ شہباز شریف نے دھیلے کی نہیں اربوں کی کرپشن کی، ہمارا مطالبہ ہے ان کیسز کو جلد از جلد چلایا جائے، ہمیں بڑے کیسز کو ماڈل کیسز بنانا ہے، یہ لوگ بات کا جواب نہیں دیتے بلکہ کردار کشی شروع کردیتے ہیں، یہ لوگ شہزاد اکبر کے سوالات کا جواب دیں۔ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ترجمان پنجاب حکومت حسان خاور نے کہا ہے کہ ن لیگ کی حکومت دعویٰ کرتی رہی شعبہ صحت میں بہت کام کیا ہے، پی ٹی آئی حکومت نے ہیلتھ کارڈ کے باعث امیر غریب کا فرق مٹا دیا۔ ن لیگ تعلیم کے شعبے میں اعلیٰ کارکردگی کا دعویٰ کرتی رہی لیکن لاہور میں ایسا کوئی تعلیمی ادارہ نہیں جہاں ن لیگی اپنے بچے پڑھانے کو تیار ہوں، لیگی حکومت نے زندگی کے کسی بھی شعبے میں کچھ نہیں کیا، یہ لوگ اپنے ملازمین کے اکائونٹس میں پیسے جمع کراتے رہے، احتساب کا عمل اپنے منطقی انجام تک پہنچے گا۔