گوادر حق دو تحریک کی کامیابی سے عوام کو حوصلہ ملا ہے،مولنا عبدالحق

273

کوئٹہ (نمائندہ جسارت )امیر جماعت اسلامی بلوچستان مولاناعبدالحق ہاشمی نے کہاکہ حق دوتحریک ،گوادر دھرنے کی کامیابی نے مظلوم عوام بلوچستان کے تمام علاقوں کے عوام کو نیاعزم وحوصلہ اورہمت دیا۔بلوچستان کے عوام کی احساسِ محرومیاں قومی سلامتی کے لیے خطرہ کی گھنٹیاں ہیں۔گوادر میں حق دو بلوچستان دھرنا تیس دن پرامن، منظم بلوچستان کی تاریخی کا طویل ترین ،تاریخی عوامی احتجاج نے اپنی طاقت اور اہمیت کو تسلیم کرا لیا ہے۔ مسائل کا حل بلوچستان کے عوام کا حق ہے۔جماعت اسلامی صوبے کے مسائل کا اجاگر اور ان کے حل کیلیے ہر پلیٹ فارم پر آوازبلند کرتی رہے گی۔ مولانا ہدایت الرحمن بلوچ اور گوادر کی خواتین، نوجوانوں اور عوام نے جرأت و استقامت کی نئی تاریخ رقم کر دی ہے جس پر گوادر مکران کے عوام،خواتین وطالبات ،جماعت اسلامی کے کارکنان بالخصوص مولانا ہدایت الرحمن بلوچ مبارک بادکے مستحق ہیں ۔انہوں نے کہاکہ سماجی اور معاشی عدل و انصاف قومی وحدت کی کلید ہے۔ عوام ہی اپنے بدلے کردار اور قیام پاکستان کے مقاصدکی تکمیل کے لیے اصل، سچائی، اہلیت اور حق کے پلڑے میں اپنا وزن ڈالیں۔ بلوچستان کے تمام علاقو ں کے عوام اپنا حق مانگ رہے ہیں۔ فوجی آمروں، بھٹو خاندان، شریف خاندان کے بعد عمران خان نے بھی قوم کو مایوس کر دیا ہے۔ ریاست مدینہ نظام کا اعلان کر کے عملاً ملک میں انارکی، بے حیائی اوربدتہذیبی کو فروغ دیا گیا ہے۔ پورے بلوچستان میں وفاقی اور صوبائی حکومتوں کی رٹ نہیں۔ رشوت اور کرپشن کا راج ہے۔ ان شاء اللہ گوادر مکران کے مسائل ومشکلات میں اس دھرنے کی کامیابی سے کمی آئے گی اگر حکمرانوں نے مطالبات پر عمل نہ کیا اور قوم کو دھوکا دینے کی کوشش کی تو دوبارہ شدت سے دھرنا شروع ہوگا اوریہ دھرنا صرف گوادر نہیں بلکہ بلوچستان میں جگہ جگہ حق دوتحریک اور اس کے دھرنے واحتجاج شروع ہوگی ۔گوادر مکران کے نوجوان ،مچھیروں، بالخصوص خواتین وطالبات مائوں بہنوں جو انتہائی ایمرجنسی میں بھی گھروں سے نہیں نکلتی نے کئی بارتاریخی ریلیاں واحتجاجی جلسے کرکے دھرنے میں پرامن اندازباپردہ ہوکر شرکت کی جس سے دھرناشرکا خصوصاًمولانا ہدایت الرحمن بلوچ کو حوصلہ اورہمت ملا۔بلوچستان کو وفاق اور صوبائی حکومتیں حق نہیں دیتی اگروفاق فنڈزدیتی ہے تو اس کا پوچھتی نہیں کہ کہاں خرچ کیا جس کی وجہ سے بدعنوانی ولوٹ مار اتنی زیادہ ہوئی کہ بجٹ عوام کے مسائل حل کرنے یا ترقیاتی کاموں پر خرچ ہونے کے بجائے حکومتی کارندوں ،بیوروکریسی وافسرشاہی کے جیبوں واکائونٹس میں چلی جاتی ہیں جس سے بلوچستان ترقی وخوشحالی کے بجائے مزید تنزلی ،تباہی وبربادی کی طرف چلاگیا ہے جماعت اسلامی کی حکومت ہوگی تو بدعنوانی ،ناانصافی اورظلم وجبر ختم عوام کو انصاف ملے گا عوام جماعت اسلامی کاساتھ دیں ۔