سانحہ پشاور میں بہادر عوام کو ڈرانے کی کوشش کی گئی تھی،مقررین

283

جامشورو(نمائندہ جسارت)جامشورو کی جامعات لیاقت میڈیکل یونیورسٹی، سندھ یونیورسٹی، مہران یونیورسٹی جامشورومیں 16 دسمبر کے شہیدوں کی یاد میں یومِ سیاہ منایا گیا۔دشمن اپنے ناپاک ہتھکنڈوں سے بہادر عوام کے حوصلے پست نہیں کر سکتا،مقررین۔ تفصیلات کے مطابق مہران یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی جامشورو میں آرمی پبلک اسکول کے شہداء کی یاد میں تقریب منعقد کی گئی۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے جامعہ مہران کے پرو وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر طحہٰ حسین علی نے کہا کہ آرمی پبلک اسکول کے شہداء کی قربانی نے قوم کوجوڑ کر دہشت گردی اور اِنتہا پسندی کو مات دی۔ ڈاکٹر طحہٰ حسین علی نے کہا کہ قوموں پر ایسے امتحان آتے ہیں، قومیں اُن سے سبق حا صل کر کے آگے بڑھتی ہیں۔ اس موقع پر لمس کے رجسٹرار ڈاکٹر حاجی محمد ٰشیخ نے لمس کے فکیلٹی ممبران، افسران اور طلباء کے ساتھ شمعیں روشن کیں اور مغفرت کے لیے اور ملک کی سلامتی کے لیے دُعائیں مانگی گئیں۔ اس موقع پر وائس چانسلر ڈاکٹر اکرام دین اجن نے اپنے پیغام میں کہا کہ اُنہوں نے کہا ملک کے بہادر عوام نے ہر مصیبت میں یکجہتی ثابت کرکے دشمنوں کو واضح پیغام دے دیا ہے ۔اُنہوں نے کہا پاکستانی کل بھی ایک تھے اور ایک رہیں گے۔دہشت گردوں نے بے گناہ اور معصوم بچوں کو نشانہ بنا کر عوام کو ڈرانے کی ناپاک کوشش کی۔ انہوں نے کہا کہ اے پی ایس کے معصوم بچوں کا خون قوم کے لیے مشعل راہ ہے۔