افغانستان میں حالات بگڑ رہے ہیں، شاہ محمود قریشی

193

اسلام آباد( آن لائن ) وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ افغانستان کے حالات بگڑتے جارہے ہیں، سنجیدگی کا مظاہرہ نہ کیا گیا تو انسانی بحران سنگین صورتحال اختیار کر سکتا ہے، اس بحران سے نہ صرف پاکستان بلکہ پورا خطہ متاثر ہوگا، صورتحال خراب ہونے سے دہشت گردوں کو پنپنے کا موقع مل جائے گا ، مزید افغان مہاجرین کا بوجھ اٹھانے کی استطاعت
نہیں، انسانی بحران پیدا ہونے کے نتیجے میں افغان مہاجرین کی یلغار ہوسکتی ہے، ضرورت کی اشیاء افغانستان کا رخ کریں گی تو پاکستان میں مہنگائی مزید بڑھے گی۔ بدھ کو اسلام آباد میں وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کی زیر صدارت وزارت خارجہ میں او آئی سی وزرائے خارجہ کونسل کے غیر معمولی اجلاس کے انتظامات کا حتمی جائزہ لینے کیلئے اعلیٰ سطح کا اجلاس ہوا، جس میں وفاقی وزیر اطلاعات فواد چودھری، سیکرٹری خارجہ سہیل محمود، وزارتِ خارجہ کے ترجمان عاصم افتخار اور وزارت خارجہ کے سینئر افسران نے اجلاس میں شرکت کی۔ اجلاس میں وزیر خارجہ کو او آئی سی وزرائے خارجہ کونسل کے غیر معمولی اجلاس کے انتظامات کے مختلف پہلوؤں کے حوالے سے مفصل بریفنگ دی گئی۔