شہباز شریف نے سلمان شہباز کو پاکستان سے فرار کیا‘فرخ حبیب

145

اسلام آباد( نمائندہ جسارت)وزیر مملکت برائے اطلاعات و نشریات فرخ حبیب نے کہا ہے کہ شہباز شریف نے منصوبہ بندی کے تحت سلمان شہباز کو پاکستان سے فرار ہونے کی اجازت دی ۔ یہ بات انہوں نے ایک ٹوئٹ میں کہی۔انہوں نے کہا کہ شہباز شریف مفرور سلمان شہباز کو پاکستان واپس بلا ئیں اور عدالتوں کے سامنے پیش کریں۔ فرخ حبیب نے کہا کہ ن لیگ قوم کی لوٹی ہوئی دولت کا حساب دے، 2008ء سے 2018ء کے دوران شہباز شریف پنجاب کے وزیر اعلیٰ تھے، حمزہ شہباز اور مفرور سلمان شہباز نے اپنی شوگر ملز کے چپڑاسیوں،کلرکوں کے نام پر 28 خفیہ اکاؤنٹس بنائے۔ ان خفیہ اکائونٹس کے ذریعے 16 ارب روپے سے زیادہ کی ناجائز دولت اورکرپشن چھپائی گئی۔ وزیر مملکت نے کہا کہ ایک دھیلے کی کرپشن نہ کرنے کے دعوے دار اربوں روپے کی کرپشن میں ملوث نکلے۔