بینظیر کی برسی پر فول پروف پلان بنایا جائے،شفیق مہیسر

105

لاڑکانہ(نمائندہ جسارت) کمشنر شفیق احمد مہیسر کی زیر صدارت کمشنر آفس میں ڈویژن کے مختلف محکموں کے سربراہان کا اعلیٰ سطحی اجلاس منعقد ہوا، جس میں 27 دسمبر کو ہونے والی شہید محترمہ بینظیر بھٹو کی 14 ویں برسی منانے کے سلسلے میں انتظامات کا جائزہ لیا گیا۔ اس موقع پر کمشنر نے پولیس افسران کو ہدایات دیں کہ فول پروف سیکورٹی اور ٹریفک نظام کے لیے پلان بنایا جائے جبکہ اسپیشل برانچ کو ہدایات دی کہ واک تھرو گیٹ لگائے جائے اور سیکورٹی کے سخت انتظامات کیے جائے اور سی سی ٹی وی کیمرہ لگائے جائیں تا کہ کوئی ناخوشگوار واقعہ پیش نہ آئے، جبکہ گڑھی خدابخش بھٹو میں مزار کے احاطی کے اندر کنٹرول روم بھی قائم کیا جائے جہاں سے برسی کی تقریبات کو مانیٹر کیا جاسکے۔اس موقع پر ڈپٹی کمشنر کو ہدایات دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ملک کے کونے کونے سے برسی میں شرکت کرنے والے لوگوں کے لیے ضلع میں صفائی ، لائٹنگ ، گڑھی خدا بخش بھٹو آنے جانے والے راستوں پر روشنی کے علاوہ سائن بورڈ لگائے جائے تا کہ برسی میں آنے والوں کو تکلیف نہ ہو اور دڈائریکٹر لوکل گورنمنٹ اور میونسپل کمشنر کو ہدایات دیں کہ شہر میں صفائی کے نظام کوبہتر بنایا جائے۔ کمشنر نے نیشنل ہائی وی اتھارٹی اور روڈز محکمے کے افسران کو ہدایت کیکہ لاڑکانہ ڈویژن کے اندر مختلف روڈزپر چلنے والے ترقیاتی کام جلد از جلد مکمل کیے جائے جہاں مرمت کی ضرورت ہو اسے فوری مرمت کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ اس سلسلے میں آپ 22دسمبر تک مکمل رپورٹ دیں۔کمشنر نے پولیس کے افسران کو ہدایات دی کہ برسی کے موقع پر سکیورٹی اور ٹریفک کے نظام کے لیے موثر اقدامات کیے جائے اور محکمہ روینیو کے افسران کو ہدایات دی کہ پارکنگ ایریاز کے کام کو تیز کیا جائے۔