لاڑکانہ،پیپلزپارٹی کا گیس لوڈشیڈنگ کیخلاف احتجاج کا اعلان

267

لاڑکانہ(نمائندہ جسارت) پاکستان پیپلز پارٹی کی جانب سے گیس کی لوڈشیڈنگ کے خلاف 17 دسمبر کو سندھ بھر کے تمام اضلاع میں بھرپور احتجاج کا اعلان کردیاگیا ہے، اس حوالے سے پاکستان پیپلز پارٹی سندھ کے صدر نثار کھوڑو نے اپنے جاری کردہ بیان میں کہا ہے کہ گیس کی قلت کے خلاف 17 دسمبر کو سندھ کے ہر ضلعے کے احتجاج میں ایم این ایز، ایم پی ایز، سینیٹرز، پارٹی عہدیداران سمیت ہزاروں کارکنان شرکت کریں گے، سندھ 70 فیصد گیس پیدا کرنے والہ صوبہ ہے اور سندھ اور سندھ کے عوام کو اپنے حصے کی گیس سے محروم رکھا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ وفاقی حکومت سندھ کو اپنے حصے کی گیس فراہم نہ کرکے آئین کی خلاف ورزی کرنے سمیت سندھ کے لوگوں میں احساس محرومی پیدا کر رہی ہے، آئین کے آرٹیکل 158 کے تحت جس صوبے سے گیس نکلتی ہے اس صوبے کا پہلا حق تسلیم کیا جانا چاہیے اور اس صوبے کی گیس ضروریات پوری کرنے کے بعد دوسرے صوبوں کو گیس فراہم کی جا سکتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایک طرف گیس کی بندش تو دوسری طرف گیس کی قیمتوں میں اضافہ کرکے پی ٹی آئی کی وفاقی حکومت عوام دشمنی کا کردار ادا کر رہی ہے، ہر چیز کا ذمے دار صوبے کو ٹھرایا جارہا ہے مگر بجلی اور گیس وفاقی حکومت کے دائرے اختیار میں ہیں اس لیے صوبے کو گیس بحران کا ذمے دار نہیں ٹھرایا جا سکتا، وفاقی حکومت کراچی سے کشمور تک گیس کی قلت پیدا کرکے عوام کو روٹی سے بھی محروم کرکے بھوکا مارنے کی سازش کر رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ گیس کی لوڈشیڈنگ، قلت اور پریشر میں کمی سے سندھ میں گھریلو صارفین کے علاوہ صنعتیں بھی سخت متاثر ہو رہی ہیں، گیس بندش کی وجہ سے سندھ میں عوام کے چولہے ٹھنڈے پڑے ہیں مگر چور مچائے شور کرنے والی پی ٹی آئی سرکار کی اتحادی جماعتوں کے منہ سے وفاقی حکومت کے اس عوام دشمن عمل پر ایک لفظ نہیں نکلتا۔انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کی وفاقی حکومت صوبوں کے حقوق چھین کر صوبائی خودمختاری پر حملے کر رہی ہے، 18 ویں ترمیم وفاق کے آنکھ میں کانٹا بن کر چھب رہی ہے، وفاقی حکومت صوبوں کے حقوق غضب کرکے 18 ویں ترمیم کے خلاف سازشیں کر رہی ہے لیکن وفاق کی صوبائی خودمختاری کے خلاف کسی سازش کوکامیاب نہیں ہونے دیں گے اور صوبے کے حقوق لے کر رہیں گے۔انہوں نے کہا کہ گیس کی بندش کے خلاف 17 دسمبر کو لاکھوں عوام سڑکوں پر نکل کر وفاقی حکومت کی عوام دشمن پالیسیوں کو رد کریں گے۔