وزیراعظم نے کسان، مزدور، ہاری سب کو رلادیا، شازیہ مری

85

 

کراچی (اسٹاف رپورٹر)پاکستان پیپلز پارٹی پارلیمنٹیرینز کی مرکزی اطلاعات سیکرٹری و رکن قومی اسمبلی شازیہ عطا مری نے کہا ہے کہ وزیر اعظم عمران خان نے کہا تھا میں ان کو رلاؤں گا ،حکومت کی کسان دشمن پالیسیوں سے کسان بھی رو رہے ہیں اور وزیر اعظم نے جو وعدہ کیا سچ ثابت ہوا، آج ملک میں انہوں نے کسان مزدور، ہاری سب کو رلا دیا ،حکومتی اے ٹی ایمز یوریامہنگی امپورٹ کرانے کیلیے کسانوں کو تباہ کرنا چاہتے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ملک بھر میں یوریا نایاب ہوجانے پر ردعمل میں کیا۔انہوں نے کہا کہ ملک بھر میں یوریا کا غائب ہوجانا، سمجھ سے بالاتر ہے،حکومت کے اے ٹی ایمز یوریا اسمگل کر رہے ہیں۔شازیہ مری نے کہا کہ گندم کی طرح یوریا بھی ملک سے باہر بھیج کر واپس مہنگے داموں خریدنے کا پروگرام ہے ،وزیر اعظم عمران خان کسانوں کے خلاف مودی کے نقش قدم پر چل رہے ہیں ، ان کا کہنا تھا کہ گندم امپورٹ کرنے والوں کے لیے عمران نیازی کی حکومت نے پھر تیاری شروع کردی ہے اورعمران حکومت کے کرتوت ملک میں غذائی قلت کرواکر ہی دم لیں گے۔