لاہور:وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات فوادچوہدری نے کہا ہے کہ سب سے زیادہ جعلی پولیس مقابلے شہباز شریف کے دور میں ہوئے، 5500 افراد ماورائے عدالت پولیس مقابلوں میں قتل ہوئے، دو تہائی سے زیادہ لوگ شہباز شریف کے دور میں ماورائے عدالت قتل کا شکار ہوئے۔
فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ پرویز مشرف کی حکومت آتے ہی یہ جعلی پولیس مقابلے بند ہو گئے تھے، سال 2000میں صرف 135 پولیس مقابلے ہوئے، احمد فراز نے اپنی کتاب میں ان واقعات کا تفصیل سے ذکر کیا ہے۔
وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ کریمنل جسٹس سسٹم سے وابستہ افراد کو احمد فراز کی کتاب ضرور پڑھنی چاہئے، کتاب میں بہت اہم اعداد و شمار پیش کئے گئے ہیں۔ کتاب میں 1990کے بعد پولیس نظام میں پیدا ہونے والی خرابیوں کا بھی ذکر کیا گیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ 1867میں انگریزوں نے پولیس کا جو نظام بنایا اسے تباہ کر دیا گیا، تھانیدار اور ایس ایچ اوز کی حیثیت ہی ختم کر دی گئی، اس نظام کو دوبارہ سے شروع کرنا ہوگا اس کے علاوہ اس کا کوئی حل نہیں۔