سراج الحق کی اپیل پر اتوار کو پورے ملک میں ”یوم یکجہتی بلوچستان“ منایا جا ئے گا

408

سیکرٹری اطلاعات جماعت اسلامی قیصر شریف نے کہا ہے کہ امیر جماعت اسلامی سراج الحق کی اپیل پر اتوار کو پورے ملک میں ”یوم یکجہتی بلوچستان“ منایا جا رہا ہے۔

تمام بڑے اور چھوٹے شہروں میں ”گوادر کو حق دو تحریک“ اور بلوچستان کے عوام کے حقوق کے لیے احتجاجی مظاہرے اور ریلیاں نکالی جائیں گی جن میں ہزاروں کی تعدادمیں عوام شرکت کریں گے۔ منصورہ سے جاری ایک بیان میں قیصرشریف نے کہا کہ امیر جماعت اسلامی ”یوم یکجہتی بلوچستان“ کے سلسلے میں پشاور میںہونے والے جلسہ عام سے خطاب کریں گے اور آئندہ کا لائحہ عمل دیں گے۔

انھوں نے کہا کہ اسلام آباد، کراچی، لاہور، راولپنڈی، ملتان، فیصل آباد سمیت دیگر شہروں میں ہونے والے مظاہروں سے جماعت اسلامی کے قائدین خطا ب کریں گے۔ انھوں نے کہا کہ بلوچستان کے عوام اپنا جمہوری حق مانگ رہے ہیں۔ مولانا ہدایت الرحمن کی سربراہی میں ”گوادر کو حق دو تحریک“ تب تک جاری رہے گی جب تک گوادر کے رہائشیوں کے تمام جائز مطالبات منظور نہیں ہوجاتے۔

انھوں نے کہا کہ جماعت اسلامی بلوچستان کا مقدمہ ہر فورم پر لڑ رہی ہے۔ بلوچستان کے عوام کے تمام آئینی اور قانونی جائز مطالبات کی بھرپور تائید کرتے ہیں۔