عالمی برادری امن کے کثیرالجہتی عزم کا اعادہ کرے، پرویز خٹک

151

اسلام آباد (آن لائن) وزیر دفاع پرویز خٹک نے عالمی برادری پر زور دیا ہے کہ وہ عالمی امن کو فروغ دینے اور اقوام متحدہ کے امن دستوں کے ڈھانچے کو مضبوط بنانے کے کثیرالجہتی عزم کا اعادہ کرے۔ انہوں نے یہ بات جمہوریہ کوریا کی میزبانی میں منعقد ورچوئل پیس کیپنگ وزارتی اجلاس میں پیش کیے گئے پہلے سے ریکارڈ شدہ وڈیو پیغام میں کہی۔ پاکستان نے 25 سے 26 اکتوبر تک ہالینڈ کے ساتھ امن کی تیاری کی کانفرنس کی مشترکہ میزبانی بھی کی۔ اپنے بیان میں وزیر دفاع نے اقوام متحدہ کے امن مشن میں پاکستان کے دیرینہ تعاون کو اجاگر کرتے ہوئے کہا کہ گزشتہ 6 دہائیوں کے دوران 2 لاکھ سے زائد پاکستانی امن دستوں نے اقوام متحدہ کے امن مشن میں خدمات انجام دیں۔ پاکستان نہ صرف فوجی تعاون کرنے والا ایک بڑا ملک ہے، اس وقت اقوام متحدہ کے امن آپریشنز میں 3800 سے زائد فوجی تعینات ہیں، بلکہ سب سے پرانے امن مشن میں سے ایک، یو این ملٹری آبزرور گروپ میزبان بھی ہے۔ وزیر دفاع نے اقوام متحدہ پر زور دیا کہ وہ دنیا بھر میں امن و سلامتی کو آگے بڑھانے کیلیے تنازعات کی روک تھام اور جاری تنازعات کے حل میں زیادہ سے زیادہ کردار ادا کرے۔ انہوں نے امن مشنز کو مناسب وسائل اور مناسب مینڈیٹ فراہم کرنے کی ضرورت پر بھی زور دیا تاکہ امن فوجیوں کی حفاظت اور سلامتی کو فروغ دیا جاسکے اور تنازعات سے متاثرہ ممالک میں کمزور کمیونٹیز کے تحفظ کو یقینی بنایا جاسکے۔