یہ حکومت تو گیس ہی نہیں اربوں روپے لوٹ کر کھاگئی،خورشید شاہ

66

سکھر(نمائندہ جسارت)پاکستان پیپلزپارٹی کے مرکزی رہنما و سابق وفاقی وزیر سید خورشیداحمد شاہ نے کہاہے کہ ہم سے بھی کوتاہیاں اور گناہ ہوئے ہیں کہ عمران خان کی صورت میں ہم پر عذاب نازل ہوا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے سندھ کے دیگر شہروں کی طرح سکھر میں بھی پاکستان پیپلز پارٹی کی کال پر مہنگائی اور بے روزگاری کے خلاف پیپلزپارٹی ضلع سکھر کے
زیر اہتمام سٹی بائی پاس پر دیے جانے والے دھرنے میں سیکڑوں کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔دھرنے میں رکن قومی اسمبلی نعمان اسلام شیخ ،پی پی ضلع سکھر کے حاجی انور خان مہر ، پی پی سٹی سکھر کے مشتاق سرہیو، ڈاکٹر ارشد مغل ، چودھری اظہر حسنین سمیت پی پی ذیلی تنظیموں کے عہدے داروں سمیت دیگر کارکنان کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔خورشید احمد شاہ و دیگر رہنمائوں کا کہنا تھا کہ عمران خان کہتے تھے کہ اگر ملک میں مہنگائی ہو تو حکمران کرپٹ ہوتا ہے اب حکومت میں کرپشن ہوئی ہے میں الزام نہیں لگارہا مگر مجبوراً کہنا پڑتا ہے یہ حکومت تو گیس ہی نہیں اربوں روپے لوٹ کر کھاگئی ہے۔ ملک میں پیٹرول مہنگا ہے گیس کا بحران ہے لاکھوں لوگوں کو روزگار سے نکال کر ان کے گھروں کے چولہے ٹھنڈے ہوگئے ہیں ہمارے نوجوان اس انتظار میں تھے کہ انہیں روزگار ملے گا مگر آج ہر طرف بھوک ہے ،تنخواہ بہت کم ہے۔ گوشت، مرغی، پیٹرول، بجلی، گیس اور دیگر اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں بے تحاشااضافہ ہوگیا ہے اس مہنگائی میں مزدور اور عوام کہاں جائیں۔