سکھر، ویکسین نہ لگوانے والوں کا قومی شناختی کارڈ بلاک کرنے کا فیصلہ

209

 

سکھر (نمائندہ جسارت) سکھر ضلع میں کورونا ویکسین نہ کرانے والوں کا قومی شناختی کارڈ بلاک کرنے کا فیصلہ ڈی سی سکھر کی جانب سے سرکاری اسپتالوں ، بی ایچ یوز، آر ایچ یوز، محکمہ تعلیم کے افسران کو مقررہ ہدف حاصل کرنے کیلیے دو دن کا الٹی میٹم۔اس سلسلے میں ڈپٹی کمشنر سکھر جاوید احمد کی زیر صدارت اجلاس ڈی سی آفس سکھر کے کانفرنس ہال میں منعقد ہوا۔ اجلاس میں اے ڈی سی ون محمد عدنان راشد، ڈی ایچ او ڈاکٹر جمیل احمد مہر سمیت دیگر متعلقہ محکموں کے افسران اور صحت پر کام کرنے والی عالمی تنظیموں کے نمائندوں نے شرکت کی۔ ڈپٹی کمشنر سکھر نے تمام افسران کو سختی سے ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ ضلع سکھر میں کورونا ویکسین کی کارکردگی کو بہتر بنانے کے لیے دن رات محنت کریں اور مقرر ہ ہدف حاصل کرکے سو فیصد نتائج سامنے لائیں۔ ڈی سی سکھر نے محکمہ تعلیم کے افسران کو ہدایت کی کہ اسکولوں اور کالجوں میں ویکسین کرانے کے سلسلے میں ڈی پی سی آر اور ڈبلیو ایچ او کے افسران سے مشاورت کرکے منصوبہ بندی کی جائے اور تمام تر شیڈول سے آگاہ کیا جائے تمام افسران کارکردگی کا مظاہرہ کریں۔انہوں نے محکمہ صحت کے افسران کو ہدایت کی کہ روہڑی، باگڑجی، پنوں عاقل، صالح پٹ، نیو سکھر سمیت دیگر علاقوں میں اسپتالوں اور داخلی اور خارجی راستوں پر کورونا ویکسین ٹیمیں مقرر کی جائیں جس کی نگرانی اے ڈی سی ون کریں گے کوتاہی نظر آنے پر ملوث عملے کے خلاف کارروائی دیدنی ہوگی۔ ڈی سی سکھر نے سکھر ضلع میں تمام نجی تنظیموں، تاجران، وکلا، پرنٹ اور الیکٹرونک میڈیا سے وابستہ افراد، شہریوں سے اپیل کی کہ کورونا ویکسین کے سلسلے میں شعور کی بیداری میں ضلعی انتظامیہ سکھر کا ساتھ دیں کیونکہ کورونا ویکسین کے کوئی مضر اثرات نہیں ہیں جبکہ ویکسین سے تمام شہریوں کو اس مرض سے بچاؤ میں مدد مل رہی ہے۔اجلاس میں ڈبلیو ایچ او، یونیسیف، محکمہ صحت ، محکمہ تعلیم اور دیگر محکموں کے افسران نے تفصیل سے بریفنگ دی۔