لاڑکانہ(نمائندہ جسارت) شہید محترمہ بینظیر بھٹو کی 14 ویں برسی 27 دسمبر کو منانے کی سلسلے میں ڈپٹی کمشنر طارق منظور چانڈیو کی زیر صدارت اجلاس منعقد ہوا، جس میں ضلع کے افسران سمیت مختلف محکموں کے سربراہان نے شرکت کی۔ اس موقع پر ڈپٹی کمشنر نے افسران کو ہدایات دیں کہ وہ اپنی ذمہ داری خوش اسلوبی سے نبھائیں، جب کہ یہ برسی ایس او پیز کے تحت منائی جائے گی۔ انہوں نے کہا کی برسی میں شرکت کرنے والے مہمانوں کو کسی قسم کی تکلیف نہ ہو، اجلاس میں ڈپٹی کمشنر نے ایس ایس پی کو ہدایت دی کہ امن و امان ہر صورت یقینی بنایا جائے، اسی کے ساتھ ساتھ ٹریفک کے نظام کو بھی بہتر بنایا جائے، ڈپٹی کمشنر نے ڈائریکٹر لوکل گورنمنٹ اور میونسپل کمشنر کو ہدایات دی کہ وہ برسی کے موقع پر صفائی ستھرائی کے عمل کو بہتر کریں،جس پر انہوں نے بھرپور تعاون کا یقین دلایا اور ٹی ایم اے کے عملے کو ہدایات دی کہ وہ صفائی کے ساتھ ساتھ لائٹنگ کے موثر اقدامات کیے جائیں، جبکہ پبلک ہیلتھ انجینئرنگ محکمے کے عملے کو ہدایات دی کہ پینے کے صاف پانی کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے۔