پاکستان نے بنگلا دیش کو ہرا کر ٹیسٹ سیریز جیت لی

303

کراچی (اسپورٹس ڈیسک)پاکستان نے ساجد خان کی تباہ کن بولنگ کی بدولت بنگلا دیش کو ڈھاکا ٹیسٹ میں اننگز اور 8رنز سے شکست دے کر2 میچوں کی سیریز میں کلین سویپ کر دیا۔ بارش سے متاثرہ ٹیسٹ کے 5ویں اور آخری روز فالو آن کا شکار بنگلا دیشی ٹیم دوسری
اننگز میں بھی پاکستان کی مضبوط بولنگ کے سامنے بے بس نظر آئی اور پوری ٹیم 205 رنز بنا کر آئوٹ ہوگئی۔ شکیب الحسن 63 رنز کے ساتھ ٹاپ ا سکورر رہے۔ ساجد خان نے دوسری اننگز میں بھی شاندار بولنگ کی اور 4کھلاڑیوں کو آئوٹ کیا، انہیں میچ میں مجموعی طور پر 12 وکٹیں حاصل کرنے پر مرد میدان قرار دیا گیا۔ عابد علی سیریز کے بہترین پلیئر قرار پائے۔ بدھ کو شیر بنگلانیشنل اسٹیڈیم، میر پور میں بنگلا دیش نے اپنی پہلی نامکمل اننگز 76 رنز 7 کھلاڑی آئوٹ پر دوبارہ شروع کی تو بقیہ کھلاڑی گزشتہ روز کے ا سکور میں محض 11 رنز کا اضافہ کرنے کے بعد پویلین واپس لوٹ گئے، اس طرح میزبان ٹیم 86 رنز پر ڈھیر ہو گئی اور اسے فالو آن کی خفت کا سامنا کرنا پڑا۔ شکیب الحسن 33 رنز کے ساتھ ٹاپ ا سکورر رہے۔ پاکستان کی طرف سے ساجد خان نے تباہ کن بولنگ اور 42 رنز کے عوض 8 کھلاڑیوں کو آئوٹ کیا۔ فالو آن کا شکار بنگلا دیشی ٹیم دوسری اننگز میں بھی پاکستان کی مضبوط بولنگ کے سامنے ریت کی دیوار ثابت ہوئی اور پوری ٹیم 205 رنز بنا کر آئوٹ ہو گئی۔ شکیب الحسن، مشفق الرحیم اور لٹن داس کے علاوہ کوئی بھی بنگلادیشی بلے باز پاکستانی بولرز کو جم کر نہ کھیل سکا، شکیب الحسن نے 63 رنز کی عمدہ اننگز کھیلی۔ مشفق الرحیم بدقسمت رہے اور 48 کے انفرادی ا سکور پر رن آئوٹ ہو گئے جبکہ لٹن داس نے 45 رنز کی مزاحمتی اننگز کھیلی۔ شادمان اسلام 2، محمود الحسن 6، کپتان مومن الحق 7، نجم الحسن شانتو 6، مہدی حسن میراز 14، تیج الاسلام 5 اور خالد احمد بغیر کوئی رن بنائے آئوٹ ہو گئے۔ ساجد خان نے عمدہ بولنگ کا مظاہرہ کیا اور 4 وکٹیں حاصل کیں۔ شاہین شاہ آفریدی اور حسن علی نے2,2 کھلاڑیوں کو آئوٹ کیا۔ ساجد خان کو میچ میں مجموعی طور پر 12 وکٹیں حاصل کرنے پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔ عابد علی کو سیریز کا بہترین پلیئر قرار دیا گیا۔ واضح رہے کہ اس سے قبل پاکستان نے 3 ٹی 20 میچوں کی سیریز میں بھی بنگلا دیش کو کلین سویپ شکست دی تھی۔