بلدیاتی انتخابات: الیکشن کمیشن کے روکنے کے باوجود وزیراعظم پشاور پہنچ گئے

540

پشاور: بلدیاتی انتخابات کے پیشِ نظر الیکشن کمیشن کے روکنے کے باوجود وزیر اعظم عمران خان پشاور پہنچ گئے۔

ڈسٹرکٹ الیکشن کمشنر پشاور نے خیبر پختونخوا میں بلدیاتی الیکشن کے پیش نظر وزیراعظم عمران خان کو خط لکھ کر پشاور کا دورہ نہ کرنے کی ہدایت کی تھی۔

خط میں لکھا گیا کہ اخبار سے دورہ پشاور کی خبر ملی، وزیراعظم ضابطہ اخلاق پر عمل کرتے ہوئے دورہ نہ کریں، دورہ کرنے پر قانونی کارروائی کی جائے گی۔ تاہم وزیر اعظم خط کو نظر انداز کر کے دورے پر پشاور پہنچ گئے۔

وزیرِ اعلیٰ خیبر پختونخوا کے معاون خصوصی اطلاعات کامران بنگش نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ وزیراعظم کا دورہ سرکاری نوعیت کا ہے، دورہ امور مملکت کا حصہ ہے جس پر پابندی نہیں، وزیراعظم گورنرہاؤس کی سرکاری تقریب میں شریک ہوں گے۔

کامران بنگش نے کہا کہ وزیراعظم کا فلاحی پروگرام پاکستان کے غریب عوام کے لیے ہے، وزیراعظم کسی انتخابی یا عوامی اجتماع میں شرکت نہیں کررہے، الیکشن کمیشن آئینی ادارہ ہے، دلی احترام کرتے ہیں۔