یوم پاکستان پر مارچ کی کال ملک دوستی نہیں ہے، شیخ رشید

142

اسلام آباد(صباح نیوز+آن لائن) وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے یوم پاکستان پر پی ڈی ایم کے مارچ کی کال کوغیر ذمے دارانہ قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ ایسے وقت پر مارچ کی کال ملک دوستی نہیں ہے۔ پی ڈی ایم کے اعلان پر ردعمل ظاہر کرتے ہوئے شیخ رشید احمد نے اپنے جاری بیان میں کہا کہ 23 مارچ کو افواج پاکستان قومی دن پر روایتی پریڈ کرتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پریڈ میں پاکستانی عوام سمیت غیر ملکی سفرا اور مندوبین بھی شرکت کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پریڈ کی تیاری کے حوالے سے اسلام آباد کو سیکورٹی الرٹ پر رکھا جاتا ہے جبکہ تیاری کے لیے بعض راستے 2/3 روز قبل بند بھی کردیے جاتے ہیں۔ وفاقی وزیر داخلہ نے مشورہ دیا کہ مناسب ہو گا کہ پی ڈی ایم مارچ کی کال اپریل میں لے جائے۔یوم پاکستان کو عوام کے نام پراحتجاج اور خلفشار کے دن کے طور پر اجاگر کرنا پی ڈی ایم کا ملک مخالف قوتوں کی خدمت کرنے کے مترادف ہے۔علاوہ ازیںمولانافضل الرحمن کی پریس کانفرنس پر ردعمل دیتے ہوئے اپنے وڈیوپیغام میں وزیراطلاعات فواد چودھری نے کہا کہ تنقید اپوزیشن کا کام ہوتاہے لیکن مولانافضل الرحمن سسٹم کاحصہ نہیں ہیں ان کی بات سنے کے لیے اب کوئی بھی تیار نہیںہے ،23مارچ قوم کو جوڑنے کا دن ہے الگ کرنیکانہیں، مولاناصاحب حوصلہ کیجئے آپ کیساتھ کوئی نہیں اکیلے ہیں۔