پاکستان نے بھارت سے بابری مسجد کی جگہ پر مندر کی غیر قانونی تعمیر فوری روکنے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا بابری مسجد کو اصل جگہ پر دوبارہ تعمیر کیا جائے۔ تفصیلات کے مطابق پاکستانی دفتر خارجہ کے ترجمان کی جانب سے بابری مسجد کے انہدام کو آج ایک اور سال مکمل ہونے پر اپنے بیان میں کہا کہ حریت پسندوں کی جانب سے تاریخی بابری مسجد کے انہدام کی29ویں برسی ہے ، یہ دن ہندوستان کی مسلم دشمنی ،ریاستی نفرت کی واضح یاد دلاتا ہے۔ دفترخارجہ کا کہنا تھا کہ ایودھیا میں پرانی مسجد کا انہدام ظلم ، بین الاقوامی اصولوں کے منافی اور اقلیتوں کیمذہبی حقوق کی سنگین خلاف ورزی ہے۔ ترجمان نے مزید کہا کہ نومبر2019 کا بھارتی سپریم کورٹ کاعیب دارفیصلہ انصاف کی موت تھی ،فیصلہ بی جے پی کے ہندوتوا انتہا پسندی کی طرف تیزی سے نزول کی گواہی ہے،پاکستان نے مطالبہ کیا کہ بھارت بابری مسجد کی جگہ پر مندر کی غیر قانونی تعمیر فوری روکے اور بابری مسجد کو اصل جگہ پر دوبارہ تعمیر کرے۔ ترجمان کا کہنا تھا کہ بھارت مساجد اور اسلامی مقدس مقامات کی حفاظت یقینی بنائے، ہندوستان او آئی سی اوراقوام متحدہ قراردادوں پرعمل درآمد کرائے۔