سیالکوٹ ( آن لائن ) سانحہ سیالکوٹ میں ملوث مزید 6مرکزی ملزمان کو پولیس نے گرفتار کرلیا۔پولیس ترجمان کے مطابق ملزمان کے خلاف کریک ڈاؤن جاری ہے،سائنٹفک انداز سے تفتیش کو آگے بڑھایا جا رہا ہے اور سی سی ٹی سی فوٹیج اور موبائل کالز ڈیٹا سے گرفتار ی عمل میں لائی جارہی ہے ، ملزمان اپنے دوستوں اور رشتے داروں کے گھروں میں گرفتاری کے
ڈر سے چھپے ہوئے تھے۔ پولیس کے مطابق اب تک 124 زیرحراست افراد میں سے 19 ملزمان کا مرکزی کی نشاندہی ہوگئی ہے۔ جبکہ وزیراعلی پنجاب سردار عثمان بزدار اور آئی جی پنجاب تحقیقات کے سارے عمل کی خود نگرانی کر رہے ہیں۔پولیس نے اپنی رپورٹ میں بتایا ہے کہ ہجوم نے فیکٹری کو آگ لگانے کی منصوبہ بندی بھی کی تھی۔ادھر وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے کہا ہے کہ سیالکوٹ کیس میں انصاف ہوتا ہوا نظر آئے گا۔ علاوہ ازیں مقتول سری لنکن منیجر کی میت سری لنکن ائرلائن کے ذریعے آج روانہ کی جائے گی۔ دوسری جانب وزیراعظم عمران خان نے سری لنکن شہری کی جان بچانے کی کوشش کرنے والے ملک عدنان کو تمغہ شجاعت دینے کا اعلان کیا ہے۔ادھر سری لنکا کے کرکٹ بورڈ نے سیالکوٹ واقعے کے بعد لنکاپریمئرلیگ میں شامل پاکستانی کرکٹرز کی سیکورٹی بڑھانے کا فیصلہ کیا ہے۔