۔3 سال میں 20 ہزار ارب قرض لیا گیا ، پی ٹی آئی اور پاکستان ایک ساتھ نہیں چل سکتے ، شہباز شریف

330

لاہور (نمائندہ جسارت) مسلم لیگ (ن) کے صدر اور قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف شہباز شریف نے کہا ہے کہ پی ڈی ایم 6 دسمبر کو حکومت مخالف لانگ مارچ کے لیے ٹھوس فیصلہ کرے گی‘ پاکستان اور تحریک انصاف اکٹھے نہیں چل سکتے‘ حکومت ملک کو آئی ایم ایف کا غلام بنانے جا رہی ہے‘ 39 ماہ میں ملکی تاریخ کے سب سے زیادہ 20 ہزار ارب کے قرضے لیے گئے‘ پی ٹی آئی کے رہنماؤں نے معیشت کے حوالے سے غلط فیصلے کیے جس کی وجہ سے مہنگائی میں اضافہ ہوا اور قرضوں کی ادائیگی سے متعلق بیانات بھی اسٹیٹ بینک کے اعداد و شمار سے متضاد ہیں۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے لاہور میں پریس کانفرنس کے دوران کیا شہباز شریف نے کہا کہ تاریخ گواہ ہے جو قومیں غلطیاں کرتی ہیں، ان کی آزادی باقی نہیں رہتی، معاشی تباہی کی بڑی مثالیں سلطنت عثمانیہ اور سوویت یونین ہیں‘ پاکستان میں بھی حالات انتہائی خراب ہیں اور یہاں ایک عام شہری کے لیے زندگی گزارنا مشکل ہوچکا ہے اور اگر ہم نے اس کو ختم نہ کیا تو پاکستان کو خطرات لاحق ہوسکتے ہیں‘ افراط زر، مہنگائی اور بے روزگاری پاکستان کی معیشت کو کھوکھلا کر رہی ہے‘ کورونا وائرس سے پہلے بھی ان کی کارکردگی کچھ نہیں تھی‘ پاکستان مہنگائی کے حوالے سے دنیا میں تیسرے نمبر پر ہے‘ موجودہ دور حکومت میں آئی ایم ایف کی نئی شرائط نے پوری قوم کو گلے سے جکڑ لیا ہے۔ مسلم لیگ (ن) کے صدر نے کہا کہ ہم نے قرضے لیے اور اس سے ملک کی ترقی کو فروغ دیا بجلی کے منصوبے لگائے پلوشن فری ٹرانسپورٹ کے منصوبے بنائے انہوں نے کیا کیا؟۔ انہوں نے کہا کہ یہ کہتے ہیں کہ ہم نے قرضوں کی ادائیگی کی ہے لیکن اسٹیٹ بینک کے اعداد و شمار اس سے متضاد ہیں، بنگلادیش جو ہم سے الگ ہوکر وجود میں آیا اور اس کی جی ڈی پی بھی ہم سے زیادہ ہے۔ تجارتی خسارے کے حوالے سے بات کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ 2018ء سے آج کا مقابلہ کیا جائے تو ڈالر 55 روپے مہنگا ہوگیا ہے‘ آپ کی ایکسپورٹ نہ ہونے کے برابر ہے جبکہ ملک میں درآمدات کا سیلاب آچکا ہے، تجارتی خسارہ 2 کروڑ 30 لاکھ ڈالر پر پہنچ چکا ہے‘ ایک زمانہ تھا کہ پاکستان گندم، چینی اور کپاس برآمد کرتا تھا اور آج ہم امپورٹ کر رہے ہیں‘ یہ کہنا کہ عمران خان حکومت ایماندار ہے تواس سے بڑا جھوٹ کوئی ہو ہی نہیں سکتا‘ اگر یہ ہی حالات رہے تو پاکستان کو دفاع کے لیے بھی قرضے لینے پڑیں گے۔ شہباز شریف نے سیالکوٹ واقعے کی شدید مذمت کی اور کہا کہ گزشتہ روز سیالکوٹ میں افسوسناک واقعہ ہوا جس پر قوم کا سرشرم سے جھک گیا ہے‘ ہمارے دور میں ایسے واقعات ہوئے تو پی ٹی آئی نے سیاسی رنگ دیا‘ سیالکوٹ واقعے کے ذمے داروں کو سخت سزا دی جائے۔