سیالکوٹ واقعے نے قوم کا سر جھکا دیا، جماعت اسلامی

199

فیصل آباد (نمائندہ جسارت)جماعت اسلامی کے رہنمائوں پروفیسرمحبوب الزماں بٹ،انجینئرعظیم رندھاوا، میاں طاہرایوب نے سیالکوٹ واقعے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس واقعے نے پوری قوم کا سر شرم سے جھکا دیا ہے، ملوث ملزمان کو عبرت ناک سزا دی جائے تاکہ آئندہ کسی کو ایسی حرکت کرنے کی جرأت نہ ہو سکے۔ہمارا دین اور معاشرہ کسی بھی شخص کو قانون ہاتھ میں لے کر اس قسم کے اقدام کرنے کی اجازت نہیں دیتا ۔پولیس کے جائے وقوعہ پر تاخیر سے پہنچنے کی بھی انکوائری ہونی چاہیے۔ سیالکوٹ واقعہ صوبائی حکومت کی نااہلی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہمارا دین ہمیں صبر اور برد باری کی تلقین کرتا ہے۔ اسلام میں تشدد اور انتہا پسندی کی گنجائش نہیں ہے۔ ماورائے عدالت اقدام سے ملک میں انتشار اور تشدد کی فضاقائم ہوگی۔ انہوں نے کہا ہے کہ اگر پولیس بروقت پہنچ جاتی تو یہ واقعہ رونما ہی نہیں ہوتا۔ پولیس نے ایک مرتبہ پھر روایتی نا اہلی کا ثبوت دیا ہے۔ ملک کے پر امن ماحول کو خراب اور اسلامی تشخص کو مجروح کرنے کی کوشش کی گئی ہے۔انہوں نے کہا کہ اسلام کے عادلانہ نظام کے خلاف سازش کی جارہی ہے۔ کسی کو سزائے موت دینا عدلیہ اور ریاست کی ذمہ داری ہے۔ ملک میں قانون کی حکمرانی قائم ہونی چاہئے۔ عدالتوں کو عدل و انصاف کے تقاضے پورے کرنے چاہیے،کسی فرد کو بھی یہ اختیار حاصل نہیں ہے کہ وہ کسی انسانی جان کو قتل کرے ۔