کوئٹہ (آن لائن )بلوچستان بار کونسل کے وائس چیئرمین قاسم علی گاجزئی چیئرمین ایگزیکٹیو کمیٹی ایوب ترین ارکان بار کونسل راحب خان بلیدی ایڈووکیٹ اور امان اللہ کاکڑ نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ گوادر کے دھرنے کو بزور طاقت سپوتاژ کرنے کی کوشش کی گئی تو اس کے نتائج بھیانک ہوں گے نااہل صوبائی حکومت معاملے کو حل کرنے کے بجائے ہزاروں کی تعداد میں فورسز کو گوادر میں تعینات کر رہا ہے، گوادر میں ہزاروں لوگ گزشتہ کئی دن سے دھرنا دیے بیٹھے ہیں لیکن حکومت گوادر کے مسائل حل کرنے میں مکمل طورپر ناکام ہوچکی ہے ،آج بھی گوادر کے ماہی گیر نان شبینہ کے محتاج ہیں، سی پیک پروجیکٹ گوادر کے لوگوں کو روز گار دے سکا نہ ہی صحت ،پانی، بجلی اور گیس جیسے وسائل سے محرومی کا خاتمہ، مقامی افراد کو اپنی سمندر میں جانے کی اجازت نہیں ہے، فورسز کا مقامی لوگوں کے ساتھ رویہ ہتک آمیز ہے، نااہل صوبائی حکومت کو عوامی مسائل سے کوئی سروکار نہیں ، ایک بار پھر ہزاروں کی تعداد میں بلوچستان پولیس کانسٹیبلری کو وہاں تعینات کیا جارہا ہے ،کسی بھی طاقت کا استعمال کیا گیا تو ان کے نتائج ٹھیک نہیں ہوں گے۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ حکومت فوری طور پر گوادر مکران کے عوام کے مطالبات تسلیم کرے ،بارڈرپر کاروبار کے لیے ٹوکن سسٹم کا خاتمہ کرے، بھتا خوری کو ختم کیا جائے ،غیر ضروری چیک پوسٹوں کا خاتمہ کرے۔ بلوچستان بار کونسل اس جدوجہد میں گوادر کے عوام کے ساتھ ہے۔