طالبان کے ساتھ سرحدی جھڑپ میں 9 ایرانی گارڈز ہلاک

378

کابل: طالبان ترجمان ذبیح اللہ کا کہنا ہے کہ ایران سے سرحدی جھڑپوں میں 9 ایرانی سرحدی گارڈز ہلاک ہوگئے ہیں۔

عرب میڈیا رپورٹس کے مطابق جھڑپیں ایران سے افغانستان فیول اسمگل کرنے کی کوشش کے نتیجے میں ہوئی۔

طالبان کے ترجمان ذبیح اللہ مجاہد کا کہنا تھا کہ ایران سے جھڑپیں مقامی سطح پر غلط فہمی کی وجہ سے ہوئی، لیکن افغان اور ایرانی حکام کے باہمی رابطوں کے باعث اب صورتحال قابو میں ہے۔

خیال رہے کہ بدھ کے روز نمروز کے سرحدی علاقے میں ایران اور طالبان کے درمیان فیول اسمگلنگ کے معاملے پر جھڑپیں شروع ہوئی تھی، جو کل شام تک جاری رہی۔

اس دوران مقامی طالبان حکام نے ایران کی 3 چیک پوسٹوں پرقبضے کا دعویٰ بھی کیا تھا۔

نمروز کے گورنر کے ترجمان کا کہنا تھا کہ افغانستان میں فیول کی اسمگلنگ سے پیدا ہونے والی غلط فہمی جھڑپوں کی وجہ بنی تھی۔ جھڑپوں میں ایک طالبان جنگجو بھی زخمی ہوا تھا۔

ایرانی حکام نے طالبان کے ایرانی سرحدی گارڈز کی ہلاکت کے بیان پر کوئی ردعمل نہیں دیا ہے۔