انتخابات شفاف ہوں تو شکست بھی قبول ہے‘ محمود اچکزئی

92

 

کو ئٹہ ( نمائندہ جسارت) پشتونخواملی عوامی پارٹی کے چیئر مین محمود خان اچکزئی نے کہا ہے کہ پی ڈی ایم کی جدو جہد اقتدار کی بجائے ملک میں جمہوریت کے استحکام کے لیے ہے ، ملک میں انتخابات شفاف ہوں تو شکست بھی قبول ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے کو ئٹہ کے ہاکی گرائونڈ میں پارٹی کے بانی عبدالصمد خان اچکزئی کی 48 ویں برسی کی مناسبت سے منعقدہ جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ محمود خان اچکزئی نے کہا کہ اگر کسی کو ہماری جمہوری جدوجہد سے تکلیف ہے تو ہو، ہم جمہوری سیاست کرنے سے باز نہیں آ ئیں گے ۔جمہوری اور شفاف
انتخابات ہوں تو اس صورت میں شکست ہوئی تو وہ بھی قبول ہے۔محمود خان اچکزئی کا کہنا تھا کہ پاکستان مسلم لیگ (ن) کے سربراہ میاں محمد نواز شریف نے مجھے کہا کہ مجھے اقتدار نہیں جمہوریت کی بقاء چاہیے۔ انہوں نے اپنے خطاب میں کہا کہ آئین پاکستان میں ہے کہ ہر شخص اپنے حدود میں رہ کر کام کرے ،ایسا ہوگا تو ملک ترقی کی رہ پر گامزن ہوگا۔رشوت اور پیسوں کے عوض آ نے والے وزیراعلی اور وزیراعظم ہمیں کسی صورت قبول نہیں۔ پاکستان کو زندہ آباد ددیکھنا چاہتے ہیں مگر محض نعروں کے ذریعے پاکستان زندہ باد نہیں ہوسکتا۔بلکہ پاکستان میں بسنے والے تمام اقوام کی محرومیوں کے خاتمے کے بعد ہی پاکستان زندہ باد ہونے کا خواب شرمندہ تعبیر ہوگا۔