منی بجٹ قومی معیشت کے تابوت میں آخر ی کیل ثابت ہوگا،شہباز شریف

483

لاہور(نمائندہ جسارت)ن لیگ کے صدر اور قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف شہباز شریف نے کہا ہے کہ منی بجٹ قومی معیشت کے تابوت میں آخری کیل ثابت ہوگا، حکومت ہر ماہ مہنگائی، نااہلی کے اپنے ہی ریکارڈ توڑ رہی ہے۔اپنے بیان میں ان کا کہنا تھا کہ حکومت کے منی بجٹ لانے کے اعلان سے ثابت ہوگیا کہ قومی بجٹ کے موقع پر اس نے قوم اور کاروباری برادری سے جھوٹ بولا۔ شہبازشریف نے کہاکہ منی بجٹ لانے والے کہتے تھے کہ کوئی منی بجٹ نہیں آئے گا، عمران نیازی نے ایک اور یوٹرن لیا ہے، نئی قانون سازی سے حکومت پاکستان میں آئی ایم ایف کی ٹیکس کلکٹر بن جائے گی اور اس کا کردار محض آئی ایم ایف کے ٹیکس جمع کرنے تک محدود ہوکر رہ جائے گا، پاکستان کی معیشت براہ راست عالمی مالیاتی ادارہ کنٹرول کرے گا، ہم منی بجٹ کا ڈٹ کر مقابلہ کریں گے، منظور نہیں ہونے دیں گے۔اپوزیشن لیڈر نے کہا کہ شرح سود میں مزید اضافے کی اطلاعات معیشت کی مزید تباہی کی خبر ہے، حکومت پھر سے وہی غلطیاں کررہی ہے جو اس نے پہلے سال کی تھیں، حکومت ایک غلطی کو دوسری سنگین غلطی سے ٹھیک کرنے کی روش پر کاربند ہے، مہنگائی پہلے ہی عوام کا جینا حرام کرچکی ہے۔