معذوروں کے حقوق کیلیے الخدمت سرگرم ہے، سراج الحق

540
وزیر اعظم بتائیں فیک الیکشن اورحکومت پر کتنی سزا ہونی چاہیے؟سراج الحق

لاہور: امیر جماعت اسلامی پاکستان  سراج الحق نے کہا ہے کہ معذوروں کے حقوق کے لیے الخدمت فاﺅنڈیشن سمیت بہت سے فلاحی ادارے سرگرم ہیں، لیکن ریاست کی توجہ کے بغیر معذوروں کے مسائل ختم نہیں ہوں گے۔

منصورہ میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سراج الحق نے کہا کہ پاکستان میں معذوری کا شکار لاکھوں افراد بنیادی حقوق سے محروم کسمپرسی کی زندگی گزارنے پر مجبور ہیں، پاکستان بیت المال، محکمہ سوشل ویلفیئر اور حکومت کا احساس کفالت پروگرام معذور افراد کی رجسٹریشن کر کے مستقل مالی امداد کو یقینی بنائے۔

امیر جماعت اسلامی پاکستان کا کہنا تھا کہ  خصوصی افراد کی بحالی کے لیے سنٹرز قائم کیے جائیں۔ ملک بھرمیں اربن ٹرانسپورٹ پر اسپیشل پرسنز کو مفت سفر کی سہولیات فراہم کی جائیں۔ معذوروں کے ملازمت کے کوٹے کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے۔

انہوں نے مزید کہا کہ  جعلی معذوری کے سرٹیفکیٹ بنائے جاتے ہیں یہ دھندہ ختم، مستحق کو اس کا حق ملناچاہیے۔ مغرب میں نابینا آدمی گھر سے نکلتا ہے تو اس کے لیے علیحدہ ٹریک ہوتا ہے، پاکستان میں اس کا تصور تک نہیں۔

سراج الحق نے کہا کہ پاکستان میں معذوروں کی تعداد کے بارے میں مکمل حکومتی اعدادوشمار تک دستیاب نہیں، ایک اندازے کے مطابق ملک میں 43لاکھ افراد کسی نہ کسی معذوری کا شکار ہیں، مگر یہ افراد سالہاسال سے محرومی اور کسمپرسی کی زندگی گزار رہے ہیں۔

امیر جماعت اسلامی پاکستان کا کہنا تھا کہ مختلف حکومتوں نے آج تک یہ مناسب نہیں سمجھا کہ معاشرے میں موجود ان کارآمد افراد کی بحالی کے لیے اقدامات کرے۔ معذور افراد سے کسی بھی قسم کا امتیازی سلوک ایک ریاست کو زیب نہیں دیتا، مگر ہمارے حکمران بے رحم ہیں۔ خصوصی افراد کو بنیادی سہولتیں تک دستیاب نہیں۔