کراچی:پاکستان ریلوے نے کراچی سے کوئٹہ جانے والی 3آپ بولان میل کو بحال کردیا،
ڈی ایس کراچی راؤ وقار احمد شاہد نے مسافروں کو سٹی اسٹیشن کراچی پر رخصت کیا۔
بولان میل پچھلے سال کورونا وائرس کے باعث 25 مارچ سے ٹرین آپریشن مکمل معطل ہونے کی وجہ سے معطل رہی۔
بحال کی جانے والی بولان میل 7 کوچز پر مشتمل ہے جن میں ایک اے سی اسٹینڈرڈ اور بقیہ اکانومی کلاس ہیں جن کی مجموعی طور پر 500 مسافروں کے سفر کرنے کی گنجائش موجود ہے۔
اس موقع پر ڈی ایس کراچی ریلوے راؤ وقار احمد شاہد نے کہا کہ بولان میل کا شمار پاکستان ریلوے کی سب سے پرانی ٹرینوں میں ہوتا ہے اور یہ ٹرین کراچی تا کوئٹہ سفر 21 گھنٹے 40 منٹس کے دورانیے میں 23 اسٹیشن پر روک کر کراچی سے کوئٹہ پہنچتی ہے۔
کراچی سے کوئٹہ کا کرایہ اے سی اسٹینڈرڈ کا 2400 روپے جبکہ اکانومی کلاس کا برتھ کے ساتھ ایک ہزار رکھا گیا ہے 3آپ بولان میل کراچی سٹی سے شام 6بجے روانہ ہو کرکراچی کینٹ، ڈرگ روڈ، لانڈھی، جنگ شاہی، برادآباد، کوٹری، سندھ یونیورسٹی، سہون شریف، دادو، رحمانی نگر، رادھن، بڈھا، لاڑکانہ، شکارپور، جیکب آباد، ڈیرہ الہ یار، ڈیرہ مراد جمالی، بختیارآباد ڈومکی، سبی، آبِ گم، مچھ اور کولپور اسٹیشنوں پر اسٹاپ کرتی ہوئی اگلے روز سہ پہر 3 بجکر 40 منٹ پر کوئٹہ پہنچے گی۔اس گاڑی کی یومیہ یکطرفہ آمدنی 583200 روپے حاصل ہوگی۔