کراچی (رپورٹ: سید وزیر علی قادری) گالف کو فروغ دینے کے لئے اقدامات کئے جائیں گے ،اس وقت نوجوان گالف میں دلچسپی لے رہے ہیں ،باصلاحیت گالفرز اسپانسرز نہ ہونے کے باعث انٹرنیشنل مقابلوں میں حصہ نہیں لے پاتے ، میری باصلاحیت گالفر ز کو آفر ہے کہ آپ انٹر نیشنل ایونٹ کے لئے کوالیفائی کریں ہم آپ کو اسپانسر کریں گے ان خیالا ت کا اظہار گورنر سندھ عمران اسماعیل نے سندھ گورنرز کپ اوپن گالف ٹورنامنٹ کی اختتامی تقریب سے بحیثیت مہمان خصوصی کیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ ٹورنامنٹ میں تقریباً ڈھائی کروڑ روپے تک کے انعامات رکھے گئے تھے انعامی رقم کے اعتبار سے یہ پاکستان میں گالف کا سب سے بڑا ایونٹ ہے اس سلسلے کو جاری رکھیں گے ،آئندہ بھی اس طرح کے دیگر ایونٹ کروائیں گے۔ اس سے قبل پہلے سندھ گورنرز کپ اوپن گالف چیمپئن شپ کا ٹائٹل شبیر اقبال نے جیت لیا، مطلوب احمد ایک اسٹروک کے فرق سے دوسرے نمبر پر رہے۔ ایونٹ کا فائنل راؤنڈ انتہائی دلچسپ رہا، پروفیشنل گالفر شبیر اقبال، منہاج مقصود، مطلوب احمد اور وحید بلوچ کے درمیان کانٹے کا مقابلہ ہوا۔شبیر اقبال 14 انڈر پار 274 اسکور کے ساتھ پہلے نمبر پر رہے، مطلوب احمد ایک اسٹروک کے فرق سے دوسرے اور منہاج مقصود 12 انڈر پار کے ساتھ تیسرے پر رہے جبکہ وحید بلوچ نے 9 انڈر پار کیساتھ چوتھی پوزیشن حاصل کی۔ہول ان ون کا کارنامہ انجام دینے والے شاویز عباس نے کہا کہ یہ سوچا نہیں تھا کہ اتنا بڑا کارنامہ انجام دے سکوں گا۔بڑے ٹورنامنٹ کی تقریب تقسیم انعامات بھی شاندار انداز میں ہوئی، گالفرز اور کیڈیز مالا مال ہوگئے، 70 گالفرز کے درمیان ڈھائی کروڑ روپے کے انعامات دیے گئے۔پروفیشنل ٹرافی شبیر اقبال کے نام رہی۔