پارلیمنٹ کے بعد اداروں کوبھی ربڑ اسٹمپ بنایا جارہاہے ، خورشید شاہ

254

اسلام آباد (صباح نیوز) پاکستان پیپلز پارٹی کے سینئر رہنما اور قومی اسمبلی میں سابق حزب اختلاف خورشید احمد شاہ نے کہا ہے کہ پاکستان پیپلز پارٹی کے یوم تاسیس کے بعد میڈیا کو پتا پڑ جائے گا ہم کیا، کیا کررہے ہیں۔ جب تک پاکستان کے عوام کا مسئلہ حل نہیں ہوتا ہم حکومت کو چین سے بیٹھنے نہیں دیں گے۔نجی ٹی وی کو انٹرویو میں انہوں نے کہا کہ آج ملک کے جتنے بھی
مسائل وجہ یہ ہے کہ پارلیمنٹ کو بالکل ختم کردیا گیا اور اسے ربڑ اسٹمپ بنادیا گیا اور اس کے ربڑ اسٹمپ بنتے ،بنتے اب ادارے بھی ربڑ اسٹمپ بنتے جارہے ہیں، کوئی کسی کے کنٹرول میں نہیں ہے۔پاکستان کا علاج صرف ایک ہی ہے، ایک مضبوط پارلیمنٹ ہی ایک مضبوط پاکستان بناسکتی ہے۔ خورشید شاہ کا کہنا تھا کہ بلاول زرداری نے شہباز شریف کے ساتھ مل کر پارلیمنٹ کے اندر ایک بہترین مشترکہ اپوزیشن بنادی اور یہ باہر بھی آئے گی۔ انہوں نے کہا کہ 1971کے بعد موجودہ دور ایسا مشکل آیا ہے کہ لگتا ہے ہم کسی جنگ سے واپس آئے ہیں، ملک میں افراتفری ہے ، معیشت کی تباہی ہے اور عوام کا اعتماد ختم ہو چکا ہے۔