شوکت ترین کی چینی ماہرمعاشیات سے ملاقات ‘فیک نیوز کا نوٹس

141

اسلام آباد (اے پی پی)وزیراعظم کے مشیربرائے خزانہ ومحصولات شوکت ترین نے چینی ماہرمعاشیات کے ساتھ ملاقات اورگفتگو پرمبنی فیک نیوز کا سختی سے نوٹس لیتے ہوئے ایف آئی اے میں شکایت درج کرنے ، فیک نیوز کے ذرائع کی نشاندہی اور ذمے داران کے خلاف قانون کے مطابق سخت کارروائی کا فیصلہ کیاہے۔ ہفتے کوسماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹرپرجاری ٹوئٹ میں مشیرخزانہ کے ترجمان مزمل اسلم نے کہاکہ فیک نیوز موجودہ حکومت کے لیے
سب سے بڑا چیلنج ہے۔ انہوں نے کہاکہ مشیرخزانہ کی مشترکہ اجلاس میں چینی ماہر معاشیات کے ساتھ ملاقات اورگفتگو سے متعلق فیک نیوز گردش کر رہی ہیں جو سوشل میڈیا پرچلنے والے ایک فضول پیغام کے علاوہ کچھ نہیں ہے، مشیرخزانہ کی چینی ماہرمعاشیات سے اس طرح کی کوئی ملاقات یا بات چیت نہیں ہوئی ہے۔ ترجمان نے کہاکہ اس فیک نیوز کا مقصد مایوسی پھیلانا ہے۔ انہوں نے کہاکہ اس طرح کی فیک نیوزملک میں براہ راست غیرملکی سرمایہ کاری میں رخنہ ڈالنے کی منظم مہم کا حصہ ہے۔