حکمران اشرافیہ بیرون ملک پاکستانیوں کے مسائل سے نا آشنا ہے ، سراج الحق

645
قطر:امیر جماعت اسلامی پاکستان سراج الحق دوحہ میں پاکستانی کمیونٹی لیڈرز کی طرف سے منعقدہ استقبالیہ تقریب سے خطاب کررہے ہیں

لاہور( نمائندہ جسارت )امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہا ہے کہ سمندر پارپاکستانیوں کو پارلیمنٹ میں نمائندگی دی جائے جو ان کے بیرون ملک میں منتخب نمائندگان کریں۔ اگر اوورسیز کمیونٹی پاکستان میں مقیم افراد کو منتخب کر کے اسمبلیوں میں بھیجتی ہے تو ان کے بیرونی ممالک میں مسائل حل نہیں ہوں گے۔ ملک کی حکمران اشرافیہ سمندر پار پاکستانیوں کے مسائل سے ناآشنا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انھوں نے دوحہ قطر میں مقیم پاکستانیوں کی جانب سے دی گئی استقبالیہ تقریب سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ سراج الحق پانچ روزہ دورہ پر قطر میں موجود ہیں جہاں انھوں نے ملک کی نامور سیاسی و سماجی شخصیات سے ملاقاتیں کیں۔ دورہ کے دوران امیر جماعت کی طالبان رہنمائوں، افغانستان کے وزیر پٹرولیم مولوی شہاب الدین دلاور اور 44ممالک کی نمائندہ مسلم سکالرز کی یونین کے قائدین سے بھی ملاقاتیں ہوئیں۔ جماعت اسلامی کے شعبہ امور خارجہ کے ڈائریکٹر آصف لقمان قاضی بھی ان مواقعوں پر موجود تھے۔ قطر میں مقیم پاکستانیوں کی بڑی تعداد نے سراج الحق کے اعزاز میں استقبالیہ کا اہتمام کیا تھا۔ تقریب سے آصف لقمان قاضی اور حلقہ احباب قطر کے صدر نے بھی خطاب کیا۔ اوورسیز پاکستانیوں کے لیے پارلیمنٹ میں مخصوص نشستوں کی سراج الحق کی تجویز کو قطر میں موجود پاکستان کی نمائندہ شخصیات نے سراہا اور اس کی مکمل تائید کا اعلان کیا۔ امیر جماعت نے کہا کہ مختلف ممالک میں قائم پاکستانی سفارت خانوں کو اپنے شہریوں کے حقوق کا تحفظ کرنا چاہیے۔ بیرون ملک پاکستانی ملک کی معیشت میں اہم کردار ادا کر رہے ہیں، مگر حکومت ان کے حقوق کا تحفظ نہیں کر رہی۔ پاکستانی حکام کو بیرون ملک کام کرنے والے کارکنان اور مزدوروںکے انسانی اور قانونی حقوق کے بارے میں متعلقہ حکومتوں سے بات کرنی چاہیے۔ انھوں نے اس بات پر افسوس کا اظہار کیا کہ بڑی تعداد میں پاکستانیوں کو بیرون ملک میں اجرت سے محروم کر دیا جاتا ہے اور وہ اپنا قانونی حق حاصل کرنے کی طاقت نہیں رکھتے۔ امیر جماعت نے کہا کہ حکومت سمندر پار پاکستانیوں کو دی جانے والی اعلان شدہ مراعات کو یقینی بنائے۔ روشن پاکستان اکائونٹ کو ٹیکس سے مستثنیٰ قرار دیا جائے اور پاکستان ٹیلی کام اتھارٹی اوورسیز پاکستانیوں کے موبائل فون ٹیکسز کو بھی ختم کرے۔ انھوں نے استقبالیہ کے شرکا کو کہا کہ وہ بیرون ملک پاکستان کے سفیر ہیں لہٰذا انھیں اپنی اپنی سطح پر ملک کی بہترین نمائندگی کرنی چاہیے۔ انھوں نے کہا کہ وہ پاکستانی جو بیرون ملک اپنی فیملیز کے ساتھ مقیم ہیں، اپنے بچوں کی تربیت پر خصوصی توجہ دیں اور اپنی زندگیاں قرآن و سنت کے اصولوں کے مطابق استوار کریں۔ اس موقع پر دوحہ میں مقیم ممتاز شخصیات نے جماعت اسلامی میں اپنی شمولیت کا اعلان کیا۔