شہباز شریف کا چیف الیکشن کمشنر کو خط ،ڈسکہ الیکشن سے متعلق کارروائی کا مطالبہ

181

لاہور ( نمائندہ جسارت) ن لیگی صدر اور قائد حزب اختلاف شہباز شریف نے چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجا سے ڈسکہ الیکشن چوری میں ملوث افسران اور عملے کے خلاف قانونی کارروائی کا مطالبہ کردیا۔ شہبازشریف کا کہنا تھا کہ پس پردہ رہ کر انتخابی دھاندلی کرانے، غیرقانونی ہدایات دینے والے وفاقی اور صوبائی حکومت کے ذمے داروں کو بے نقاب اور کارروائی کی جائے، انتخابی دھاندلی اور ووٹ چوری سے پاکستان کے جمہوری نظام پر دھبا لگا، عوام کی رائے چوری کرکے عوام کے ووٹ کی توہین کی گئی۔ قائد حزب اختلاف نے چیف الیکشن کمشنر کو23 نومبر2021ء کو خط لکھا، جس میں انہوں نے کہا کہ مزید تحقیقات کرکے وفاقی اور صوبائی سطح پر ذمے داروں کے خلاف قانونی کارروائی کی جائے، الیکشن ایکٹ کے تحت ڈسکہ الیکشن میں افسران کے خلاف عدالت میں شکایات دائر کی جائیں اور سیکشن167، 174، 175، 183، 184، 186،187 اور190کے تحت سزا کا عمل شروع کیا جائے۔ انہوں نے لکھا کہ سیاسی جماعتوں کی مشاورت سے ایکٹ، رولز، ضابطہ اخلاق، طریقہ کار میں ترامیم کی جائیں تاکہ آئندہ ڈسکہ جیسی بے ضابطگیاں نہ ہوں۔ قائد حزب اختلاف نے کہا کہ این اے 75 سیالکوٹ5 ڈسکہ ضمنی الیکشن پر فیکٹ2 فائنڈنگ رپورٹس جاری ہوچکی ہیں، پریذائیڈنگ افسران، انتخابی عملہ، ڈی سی اور ڈی پی او سیالکوٹ مس کنڈکٹ اور غیرقانونی سرگرمیوں کے مرتکب پائے گئے، ملوث افراد نے نتائج کو حکومت کے حق میں موڑ نے کے لیے انتخابی عمل پامال کیا، ملوث افسران نے انتخابی عملے کو غیرقانونی احکامات دیے، مجرمانہ طرز عمل کا ارتکاب کیا، رپورٹ سے ثابت ہوا کہ سرکاری افسر کی رہائش گاہ پر حکومتی اہلکاروں کے ساتھ مسلسل اجلاس ہوتے رہے، ملاقاتوں میں ایک مشیر وزیراعلیٰ اور وزیراعلیٰ سیکرٹریٹ کا افسر بھی شریک ہوتے رہے، پولیس ڈی ایس پیز اور دیگر پولیس اہلکار بھی انتخابی ڈیوٹی انجام دیتے رہے، قانونی، انتخابی اور سیکورٹی پلان کی خلاف ورزیاں کی گئیں، ضمنی انتخاب کالعدم قرار دینے، ڈسی اور ڈی پی او سمیت متعلقہ افسران کی معطلی اور الیکشن کمیشن کے دیگر بروقت فیصلوں کو سراہتا ہوں۔ الیکشن کمیشن کے ان اقدامات سے مستقبل میں ایسی بے ضابطگیوں اور غیرقانونی طرز عمل کو روکنے کی سمت مقرر ہوسکے گی، الیکشن کمیشن کی کارروائی مستقبل میں ایسے واقعات کی روک تھام کے لیے ڈیٹرنس کا کام کرے گی۔