امن اور استحکام کیلیے دشمن قوتوں کے مذموم عزائم کو ناکام بنا رہے ہیں، آرمی چیف

445

راولپنڈی: آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کا کہنا ہے کہ پاکستان کے امن اور استحکام کے لیے دشمن قوتوں کے مذموم عزائم کو جامع حکمت عملی کے ذریعے نا کام بنایا جا رہا ہے۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے جنرل ہیڈ کوارٹرز میں آٹھویں نیشنل ورکشاپ بلوچستان کے شرکا سے ملاقات کی، ملاقات میں معاشرے کے مختلف شعبوں و طبقات سے وابستہ لوگوں نے شرکت کی۔ ملاقات یکم سے 27 نومبر تک کوئٹہ میں منعقد ہونے والی ورکشاپ کا حصہ ہے۔

ملاقات کے دوران آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا کہ محنت سے حاصل ہونے والے امن کی ہر قیمت پر حفاظت کریں گے، بلوچستان کے عوام کی جانب سے سیکیورٹی فورسز کی پُرعزم حمایت کے نتیجے میں صوبے میں استحکام اور سماجی و اقتصادی ترقی کے منصوبوں میں پیش رفت ہوئی ہے، پاکستان کے امن اور استحکام کے لیے دشمن قوتوں کے مذموم عزائم کو جامع حکمت عملی کے ذریعے نا کام بنایا جا رہا ہے۔

آرمی چیف نے مزید کہا کہ پاکستان کو درپیش اندرونی اور بیرونی چیلنجز ایک جامع قومی ردعمل کا تقاضا کرتے ہیں، ہم اپنی سرحد اور داخلی سلامتی کو یقینی بناتے رہیں گے جو کہ قومی ترقی کے لیے بہت ضروری ہے۔