راولپنڈی /پشاور (آن لائن) بلوچستان اور پشاور میں دہشت گردوں کی فائرنگ سے 4 اہلکار شہید ہوگئے۔ تفصیلات کے مطابق بلوچستان کے علاقے تمپ میں دہشت گردوں نے فورسز کی چیک پوسٹ پرحملہ کیا ، سیکورٹی فورسز نے بھرپور فوری جوابی کارروائی کی جس کے نتیجے میں دہشت گردوں کو بھاری نقصان پہنچا اور دوران جھڑپ 2 اہلکار شہید ہوگئے۔ آئی ایس پی آر کے مطابق یہ چیک پوسٹ دہشت گردوں کی نقل و حرکت روکنے کے لیے قائم کی گئی ہے‘ جھڑپ کے دوران سپاہی نصیب اللہ اور سپاہی انشااللہ شہید ہوگئے۔ علاوہ ازیں پشاورمیں اشتہاری ملزمان کے خلاف آپریشن میں 2 پولیس اہلکار شہید ہوئے۔ پشاورکے علاقے حیات آباد میں اشتہاری ملزمان کی موجودگی پرگزشتہ رات پولیس نے آپریشن کیا۔ ملزمان کی فائرنگ سے اے ایس آئی ریاض خان اورکانسٹیبل جعفرشہید ہوگئے‘2 مشتبہ ملزمان کوگرفتارکرلیا گیا۔ مفرور ملزمان کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔ حیات آباد مقابلے میں شہید2 اہلکاروں کی نماز جنازہ ادا کردی گئی۔ آئی جی پشاور معظم جاہ انصاری، سی سی پی او پشاور سمیت اعلیٰ افسران نے نمازجنازہ میں شرکت کی۔